Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

واٹس ایپ صارفین کے لیے اہم خبر، سیکیورٹی مزید مضبوط بنانے کے لیے 3 نئے فیچرز متعارف

واٹس ایپ صارفین کے لیے اہم خبر، سیکیورٹی مزید مضبوط بنانے کے لیے 3 نئے فیچرز متعارف

واٹس ایپ نے سکیورٹی مزید مضبوط بنانے کے لیے 3 نئے فیچرز متعارف کرا دیے

واٹس ایپ نے صارفین کے اکاؤنٹس کو ہیکنگ اور غیر مجاز رسائی سے محفوظ رکھنے کے لیے 3 نئے سکیورٹی فیچرز متعارف کرا دیے ہیں۔

میٹا نے ایک بلاگ پوسٹ کے ذریعے ان نئے فیچرز کا اعلان کیا ہے، جن کا بنیادی مقصد صارفین کے اکاؤنٹس کی سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

ٹو اسٹیپ ویریفکیشن میں اہم تبدیلی

واٹس ایپ میں پہلے سے موجود ٹو اسٹیپ ویریفکیشن فیچر کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ اس وقت صارفین اکاؤنٹ کی اضافی سکیورٹی کے لیے 6 ہندسوں پر مشتمل پن کوڈ استعمال کرتے ہیں۔

نئی سہولت کے تحت صارفین کو زیادہ طویل پاس ورڈ منتخب کرنے کا اختیار دیا جائے گا، جس میں حروف اور نمبرز شامل کیے جا سکیں گے۔ اس تبدیلی سے ہیکرز کے لیے پاس ورڈ کا اندازہ لگانا مزید مشکل ہوگا۔

ایک اکاؤنٹ کے لیے متعدد پاس کیز کی سہولت

واٹس ایپ پاس کیز کے فیچر کو بھی اپ ڈیٹ کر رہا ہے۔ اب صارفین اپنے اکاؤنٹ کے ساتھ ایک سے زیادہ پاس کیز منسلک کر سکیں گے۔

یہ سہولت خاص طور پر ان افراد کے لیے مفید ہوگی جو آئی او ایس اور اینڈرائیڈ دونوں آپریٹنگ سسٹمز پر چلنے والے فونز استعمال کرتے ہیں۔

پاس کیز کیسے کام کرتی ہیں؟

پاس کیز بنیادی طور پر ڈیجیٹل کیز ہیں جو روایتی پاس ورڈز کے مقابلے میں استعمال میں آسان اور زیادہ محفوظ سمجھی جاتی ہیں، کیونکہ یہ کسی ویب سرور پر پاس ورڈ کی طرح اسٹور نہیں ہوتیں۔

صارفین پاس کی کے ذریعے لاگ اِن ہونے کے لیے اپنے فون کا پن کوڈ یا بائیومیٹرک تصدیق، جیسے فنگر پرنٹ یا فیس ان لاک، استعمال کر سکتے ہیں۔

نامعلوم نمبرز سے آنے والی کالز کی مزید معلومات

تیسرا نیا فیچر اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اس کے ذریعے ایسے نمبرز سے آنے والی کالز کے بارے میں صارفین کو مزید معلومات فراہم کی جائیں گی جو ان کے کانٹیکٹس میں محفوظ نہیں ہوں گے۔

صارف یہ بھی جان سکیں گے کہ کال کرنے والا نمبر کس ملک سے تعلق رکھتا ہے یا کال کرنے والا کسی ایسے واٹس ایپ گروپ کا رکن ہے جس میں وہ خود بھی شامل ہیں۔

نئے فیچرز کب دستیاب ہوں گے؟

میٹا کے مطابق نئے سکیورٹی فیچرز متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور آنے والے ہفتوں میں یہ سہولیات دنیا بھر کے تمام صارفین کے لیے دستیاب کر دی جائیں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

Security Question:4 − 2 = ?

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More