Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اہم ملاقات

​نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اہم ملاقات

​فلسطین، جموں و کشمیر، افغانستان اور انسداد دہشت گردی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

  

اسلام آباد: (نیوز پلس)  نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اہم ملاقات کی، جس میں فلسطین، جموں و کشمیر، افغانستان، انسداد دہشت گردی سمیت خطے اور عالمی امن و سلامتی سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مسئلہ جموں و کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کی جائیں۔

اسحاق ڈار نے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو سندھ طاس معاہدے سے متعلق پاکستان کے مؤقف سے بھی آگاہ کیا اور پانی کے مسئلے کی حساسیت اور خطے کے امن و استحکام پر اس کے ممکنہ اثرات پر روشنی ڈالی۔

ملاقات میں فلسطین کی صورتحال بھی خصوصی طور پر زیر بحث آئی۔ فریقین نے خطے میں پائیدار امن کے قیام، تنازعات کے حل اور انسانی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے عالمی سفارتی کوششوں کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔

افغانستان کی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کے معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی کوششوں اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات سے آگاہ کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ تنازعات کے حل اور کشیدگی میں کمی کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی سب سے مؤثر ذریعہ ہیں۔ پاکستان خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور تعمیری سفارت کاری کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

ملاقات کے دوران امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور مذاکرات کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں، بالخصوص اسلام آباد مذاکرات، کا بھی ذکر ہوا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے تنازعات کے حل، مذاکرات کے فروغ، ثالثی اور کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ موجودہ عالمی اور علاقائی چیلنجز کے تناظر میں اقوام متحدہ، عالمی برادری اور متعلقہ فریقین کے درمیان مسلسل رابطہ اور سفارتی کوششیں ناگزیر ہیں۔

اسحاق ڈار اور انتونیو گوتریس نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ، تنازعات کے پرامن حل اور عالمی سطح پر کثیرالجہتی تعاون کے لیے کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

Security Question:2 × 5 = ?

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More