Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

عمران خان کو دوبارہ پرائمری میں ڈالا جائے ۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق

اگر تیاری نہیں تھی تو وزارت عظمیٰ کیوں لی

لکی مروت (نیوزپلس) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے وزیر اعظم عمران خان پر سخت طنز کرتے ہوئے کہا کہ نااہل اور ناکام طالب علم نقل کرکے بھی فیل ہورہا ہے، تیاری نہیں تھی تو وزارت عظمیٰ کیوں لی، وزیراعظم کودوبارہ پرائمری میں ڈالاجائے۔

لکی مروت میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں تیاری نہیں تھی، تیاری نہیں تو امتحان میں کیوں بیٹھ گئے تھے، اگر تیاری نہیں تھی تو وزارت عظمیٰ کیوں لی، یہ ناکارہ طالبعلم نقل کے باجود بھی فیل ہو رہا ہے، عمران خان اور ان کی کابینہ نقل کے باجود فیل ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم نے عوام کو دھوکے میں رکھا، پی ڈی ایم میں شامل نہ ہونے کی سب سے بڑی وجہ ان کا عوام کو دھوکے میں رکھنا ہے، ایک طرف بلاول، دوسری طرف مریم نواز ہوں تو اسلام ایسے لاگو نہیں کیا جاسکتا ، جماعت اسلامی اور پی ڈی ایم کی سیاست میں فرق ہے، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی انگریز سامراج کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، جماعت اسلامی ذات پات اورموروثیت پریقین نہیں رکھتی، جماعت اسلامی اسلامی نظام کےنفاذ کے لیے کوشاں ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ یہاں قاتلوں کو تحفظ ملتا ہے، سزا نہیں، کراچی میں پولیس نے4سو لوگوں کو مارا ، غیرت اور ہمت والے نقیب اللّٰہ کو بھی مارا گیا، آج تک نقیب اللّٰہ کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا گیا، یہ نظام قاتلوں اور ظالموں کے لیے ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے جسلے سے خطاب میں کہا کہ یہ نظام شوگر مافیا، لینڈ مافیا، آٹاچوروں کے لیے ہے، یہاں ان ظالموں کو کوئی سزا نہیں دے سکتا، ہم اسلامی نظام چاہتے ہیں، جہاں قانون سب کے لیے یکساں ہو،اسرائیل اور کشمیر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے دباؤ ہے، آج ملک پر خطرات کے بادل ہیں، کشمیر کو حکومت نے انڈیا کے حوالے کیا، عمران خان نے کہا تھا کشمیر کا سفیر بنوں گا، کشمیر کے سفیر نے کشمیر کو مودی کے حوالے کیا۔

سربراہ جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے خطاب میں مزید کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا پاکستان پر دباؤ ہے، بجلی، گیس منہگی کی جا رہی ہے، حکومت کے پاؤں عوامی گردن پر ہیں، ہمیں موقع ملا تو یہاں سے سودی نظام کا خاتمہ کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More