طارق بگٹی پی ایچ ایف کے صدر کے عہدے سے مستفیٰ، ہاکی ٹیم کے کپتان پر پابندی لگا گئے
کپتان ہاکی ٹیم عماد بٹ پر 2 سال کی پابندی لگادی ، عماد اس عرصے میں قومی اور بین الااقوامی کہیں کھیل نہیں سکیں گے
لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر طارق بگٹی نے ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ پر دو سال کی پابندی عائد کرنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران طارق بگٹی نے بتایا کہ اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کو بھجوا دیا گیا ہے اور پابندی کے دوران عماد بٹ نہ تو ڈومیسٹک مقابلوں میں حصہ لیں گے اور نہ ہی انٹرنیشنل میچز میں۔
طارق بگٹی نے آسٹریلیا میں ٹیم کے ساتھ پیش آنے والی بدانتظامی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے درخواست ہے کہ ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو تحقیقات کرے اور پرولیگ میں بے ضابطگی کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے۔
انہوں نے پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی ناکامیوں کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دورہ آسٹریلیا میں مسائل اس وجہ سے آئے کہ ہاکی فیڈریشن کے پاس فنڈز کی کمی تھی۔ "ہوٹل بکنگ کے لیے پی ایس بی نے وقت پر رقم نہیں بھیجی۔ میں نے خود جا کر پیسے مانگے، مگر بتایا گیا کہ دو ماہ لگیں گے۔”
طارق بگٹی نے مزید کہا کہ ٹیم کا شیڈول رانا مجاہد نے اسپورٹس بورڈ کے سامنے رکھا ہے اور وہ کوالیفائی راؤنڈ میں اچھا پرفارم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ رینکنگ میں ٹیم نے 18 ویں سے 13 ویں پوزیشن حاصل کی، جو ایک اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ہاکی کے لیے 25 کروڑ روپے فراہم کیے۔
دوسری جانب وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے بتایا ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کی تین رکنی کمیٹی نے انکوائری مکمل کر کے رپورٹ وزیر اعظم آفس کو بھجوا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کئی مالی معاملات پر روشنی ڈالی گئی اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کو قصوروار قرار دیا گیا ہے۔
