شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، لیفٹیننٹ کرنل اور کپٹین سمیت 5 جوان وطن پر قربان
دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی پوسٹ میں ٹکرا دی، جس کے بعد متعدد خودکش بم حملے ہوئے
دہشت گردوں نے بارودی گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرادی، شہدا میں لیفٹننٹ کرنل اور کیپٹن شامل، آپریشن میں تمام 6 دہشت گرد ہلاک
شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں نے بارود سے گھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرادی نتیجے میں لیفٹننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی اہلکار شہید ہوگئے، جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 16 مارچ کی صبح، چھ دہشت گردوں کے ایک گروپ نے شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کیا۔ سیکیورٹی فورسز نے دراندازی کی ابتدائی کوشش کو ناکام بنا دیا۔دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی پوسٹ میں ٹکرا دی، جس کے بعد متعدد خودکش بم حملے ہوئے، جس کے نتیجے میں ایک عمارت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا نتیجے میں پانچ مادر وطن کے بہادر بیٹوں کی شہادت ہوئی، شہداء میں حوالدار صابر، نائیک خورشید سپاہی ناصر، سپاہی راجہ اور سپاہی سجاد شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران، لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی کی قیادت میں سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے جوابی کارروائی کی اور تمام چھ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران سامنے سے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی اور کیپٹن محمد احمد بدر نے بہادری سے مقابلہ کیا اور لڑتے ہوے قربانی دی اور شہادت کو گلے لگا لیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
صدر مملکت آصف زرداری نے دہشت گرد حملے میں شہید پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے شہداء کیلئے بلندی درجات، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے واقعے کو بزدلانہ کاروائی قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی اور سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی شہادت پر دکھ اور غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو مٹی میں ملا دیا، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید جوانوں پر فخر ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ قوم اپنے جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، غم اور دکھ کی مشکل گھڑی میں شہداء کے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں، دہشت گرد دشمن کے ناپاک عزائم پر عمل پیرا ہیں جس میں وہ کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔