سیکیورٹی فورسز کی افغان سرحد کی دونوں جانب زمینی و فضائی کارروائیاں، 29 دہشتگرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے پاک-افغان سرحد کے قریب ایک کارروائی میں جماعت الاحرار کے اہم کمانڈر کو ساتھیوں سمیت ہلاک کر دیا
پاکستان نے ملک میں حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد افغانستان کے صوبوں پکتیا، پکتیکا اور کنڑ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی کارروائیاں کیں، جن میں 25 دہشت گرد ہلاک، جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود تباہ کر دیا گیا۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی کارروائی میں جماعت الاحرار کے اہم کمانڈر سمیت تین دہشت گرد مارے گئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا، بلوچستان اور پاکستان رینجرز سندھ کے کیمپ پر حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے پاک۔افغان سرحد کے قریب خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر منظم زمینی کارروائی کی۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد سرحدی علاقوں میں جماعت الاحرار اور فتنۃ الخوارج سے وابستہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور محفوظ پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 29 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
وزیر اطلاعات کے مطابق 28 جون 2026 کو ضلع باجوڑ میں پاک۔افغان سرحد کے قریب انٹیلی جنس پر مبنی ایک اور کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی جماعت الاحرار سے وابستہ اہم کمانڈر خان فروش عرف زابل سمیت تین دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
