Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

سینیٹ میں ضمنی انتخاب، یوسف رضا گیلانی سمیت پیپلز پارٹی کے4، ن لیگ اور جے یو آئی کا ایک ایک سینیٹر منتخب

سینیٹ میں ضمنی انتخاب، یوسف رضا گیلانی سمیت پیپلز پارٹی کے4، ن لیگ اور جے یو آئی کا ایک ایک سینیٹر منتخب

اسلام آباد کی نشست پر پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی 204 ووٹ لیکر سینیٹر منتخب ہوئے، سنی اتحاد کونسل کے امیدوار الیاس مہربان کو 88 ووٹ ملے

قومی اور صوبائی اسمبلیوں کا رکن منتخب ہونے کے بعد چھوڑی گئی سینیٹ کی 6 نشستوں کے لیے ضمنی انتخاب ہوا جس میں سے 4 پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)اور جے یو آئی نے ایک ایک نشست جیت لی۔

سینیٹ کیلئے اسلام آباد کی ایک نشست پر پولنگ ہوئی جبکہ سندھ اسمبلی کی 2 اور بلوچستان اسمبلی کی 3 نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے۔اسلام آباد، بلوچستان اور سندھ سے سینیٹ کی نشستوں کے لیے ضمنی انتخاب پر پولنگ کا آغاز صبح 9 بجے ہوا جو شام 4 بجے تک جاری رہا۔

اسلام آباد کی نشست پر پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی 204 ووٹ لیکر سینیٹر منتخب ہوگئے، سنی اتحاد کونسل کے امیدوار الیاس مہربان کو 88 ووٹ ملے۔سینیٹ کی ایک نشست کیلئے قومی اسمبلی کے 301 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیے، قومی اسمبلی کے 9 ارکان کے ووٹ مسترد قرار دیے گئے۔

یاد رہے کہ ووٹ دیتے وقت پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل یا کیمرہ لے جانے کی اجازت نہیں تھی، قومی اسمبلی میں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے بھی سینیٹ کے ضمنی انتخابات میں ووٹ اپنا کاسٹ کیا۔متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم-پاکستان) اور جماعت اسلامی نے سندھ اسمبلی کے سینیٹ الیکشن میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، دونوں جماعتوں کے اراکین سینیٹ کے ضمنی انتخاب میں ووٹ نہیں دیا۔سندھ اسمبلی میں مجموعی طور پر 124 ووٹ کاسٹ کیے گئے، بلوچستان میں سینیٹ کے ضمنی انتخاب کے لیے 61 اراکین نے ووٹ کاسٹ کیے۔سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار اسلم ابڑو 57 اور سیف اللہ دھاریجو 58 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوگئے۔دوسری جانب بلوچستان اسمبلی سے پیپلز پارٹی کے امیدوار میر عبدالقدوس بزنجو 23 ووٹ لیکر سینیٹر منتخب ہوئے، مسلم لیگ (ن)کے میر دوستین ڈومکی نے17 ووٹ حاصل کیے، جے یو آئی کے عبدالشکور 16 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوئے۔

واضح رہے کہ سینیٹ کی ان 6 خالی نشستوں پر انتخابات کے لیے یوسف رضا گیلانی سمیت 21 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے، یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ الیکشن لڑنے اور اسلام آباد سے اپنی نشست دوبارہ حاصل کرنے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، یہ سیٹ 8 فروری کے عام انتخابات میں رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے ان کی کامیابی کے بعد خالی ہوگئی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More