Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

سیاسی استحکام سے ہی معیشت اور عوام کے مسائل حل ہوں گے، شہباز شریف

سیاسی استحکام سے ہی معیشت اور عوام کے مسائل حل ہوں گے، شہباز شریف

سابق وزیراعظم و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام سے ہی معیشت اور عوام کے مسائل حل ہوں گے، ہم الیکشن نہیں عوام اور پاکستان کے معاشی مفادات کی جنگ لڑنے جا رہے ہیں، سیاسی انتقام ہار گیا، اب مہنگائی اور معاشی بدحالی کو شکست دینی ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنماؤں اور سابق اراکین قومی وصوبائی اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف سے سندھ کے صدر بشیر میمن،خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق،بیرسٹر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، عطا اللہ تارڑ،شیخ روحیل اصغر، محمد حنیف عباسی، خواجہ سلمان رفیق،چوہدری فرخ الطاف، سید باسط بخاری اورمیاں عمران قریشی نے ملاقات کی۔شہباز شریف نے بشیر میمن کو سندھ کلچر ڈے کی مبارک دی۔ ملاقات میں عام انتخابات کی تیاریوں اور صوبہ سندھ میں تنظیمی امور پر مشاورت ہوئی۔اس موقع پر صوبہ سندھ میں ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں کے ساتھ انتخابی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔اجلاس میں ایم کیو ایم سے ہونے والی بات چیت اور سفارت کا جائزہ لیاگیا۔

 رہنماؤں نے اپنے اپنے حلقوں میں انتخابی تیاریوں پر پارٹی صدر کو آگاہ کیا۔شہباز شریف نے انتخابات کی تیاریوں کے لئے پارٹی راہنماؤں اور کارکنوں کے جذبے اور محنت کو سراہا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور عوام کی بھلائی، بہتری اور مفاد میں نواز شریف کی قیادت میں سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، عوام کو مہنگائی اور دیگر مسائل سے نجات دلانے کے لئے یہ الیکشن بہت اہم ہیں، اللہ کے کرم اور عوام کی مدد سے الیکشن جیت کر مہنگائی کو ہرائیں گے، ہم الیکشن نہیں عوام اور پاکستان کے معاشی مفادات کی جنگ لڑنے جا رہے ہیں، سیاسی انتقام ہار گیا، اب مہنگائی اور معاشی بدحالی کو شکست دینی ہے، گالیوں اور کردار کشی کے ہتھکنڈوں میں قوم کا قیمتی وقت اور وسائل برباد کئے گئے، ہمارے خلاف شروع کئے گئے سیاسی انتقام کا نشانہ عوام اور ملک بن گئے۔

 انہوں نے کہا کہ چار سالہ تباہی کا سیاہ دور نہ آتا تو عوام کہ مہنگائی اور پاکستان کی معاشی بدحالی کا برا وقت نہ آتا۔پارٹی رہنماؤں نے قائد نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت پر مبارک بھی پیش کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More