Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

داعش کی تمام فنڈنگ بھارت کر رہا ہے یہ دہشت گردوں کا دس گنا بجٹ کر لیں ہم اسکو روکیں گے، وزیر داخلہ محسن نقوی

داعش کی تمام فنڈنگ بھارت کر رہا ہے یہ دہشت گردوں کا دس گنا بجٹ کر لیں ہم اسکو روکیں گے، وزیر داخلہ محسن نقوی

حملے کا ماسٹر مائنڈ کالعدم تنظیم داعش سے تعلق رکھتا ہے اور اس وقت ہماری حراست میں ہے

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک تھا، جس نے پوری قوم کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ حملے کا ماسٹر مائنڈ کالعدم تنظیم داعش سے تعلق رکھتا ہے اور اس وقت ہماری حراست میں ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ شہداء کے لیے دعا گو ہیں اور ہر شہری اس واقعے پر غمزدہ ہے۔ سی ٹی ڈی نے واقعے میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ سہولت کاروں اور ماسٹر مائنڈ کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سی ٹی ڈی اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے باہمی تعاون سے کارروائیاں کیں۔ دھماکے کے فوراً بعد پشاور اور نوشہرہ میں چھاپے مارے گئے۔ ہمارے پاس واضح شواہد موجود ہیں کہ حملہ آور کو افغانستان میں داعش نے تربیت دی اور وہیں اس حملے کی منصوبہ بندی کی گئی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شواہد یہ بھی ظاہر کرتے ہیں کہ دہشت گرد کو کس طرح پاکستان لایا گیا۔ چھاپوں کے دوران خیبر پختونخوا کا ایک اہلکار شہید اور چند زخمی ہوئے۔

محسن نقوی نے عوام سے اپیل کی کہ ملک اس وقت حالتِ جنگ میں ہے اور کمیونٹی انٹیلی جنس انتہائی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان سے 21 دہشت گرد تنظیمیں آپریٹ کر رہی ہیں۔ ایک دھماکہ ہوا، مگر 99 ممکنہ حملے ناکام بنائے گئے۔ ایسے واقعات ہمیں اپنے سیکیورٹی اور پولیس نظام کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت کا احساس دلاتے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ دہشت گردوں کی فنڈنگ بھارت کر رہا ہے۔ پہلے دہشت گردوں کو 500 ڈالر دیے جاتے تھے، اب یہ رقم 1500 ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ مئی میں شکست کے بعد بھارت نے دہشت گردی کے لیے اپنا بجٹ تین گنا بڑھا دیا ہے اور داعش کی بھی مالی معاونت کر رہا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان میں حالیہ حملوں میں ملوث دہشت گرد بچ نہیں سکے۔ بی ایل اے کی ویڈیوز بھارتی میڈیا پر نشر کی جاتی ہیں، جو بھارت کے کردار کو واضح کرتی ہیں۔

محسن نقوی کے مطابق اسلام آباد دھماکے کے بعد مزید چار دہشت گرد گرفتار کیے گئے، جبکہ دھماکے سے قبل دو افراد نے ریکی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو کیٹیگریز میں تقسیم نہیں کرنا چاہیے، پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والا دشمن ہی ہوتا ہے۔ اگر دنیا نے آواز نہ اٹھائی تو اس کے نتائج سب کے لیے نقصان دہ ہوں گے، کیونکہ دہشت گرد تنظیمیں آپس میں مل کر کارروائیاں کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد افغانستان میں بیٹھ کر منصوبہ بندی کرتے ہیں اور سوشل میڈیا کا بھی استعمال کر رہے ہیں۔ متعدد ایسے اکاؤنٹس پکڑے گئے ہیں، جن کے خلاف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو کارروائی کے لیے کہا گیا ہے، بصورت دیگر دیگر آپشنز استعمال کیے جائیں گے۔

وزیر داخلہ نے سیکیورٹی اداروں کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے 93 داخلی راستے ہیں، ریڈ زون بھی موجود ہے، جبکہ اسلام آباد پولیس کی 80 فیصد نفری کی عمر 50 سال سے زیادہ ہے، جس کے باعث مزید وسائل کی اشد ضرورت ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More