Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

حقیقی ترقی کا خواب خواتین کو بااختیار بنانے کے بغیر ممکن نہیں، مشعال ملک

حقیقی ترقی کا خواب خواتین کو بااختیار بنانے کے بغیر ممکن نہیں، مشعال ملک

 

 وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و خواتین کی ترقی مشعال حسین ملک نے خواتین کو بااختیار بنانے ،فیصلہ سازی اور پالیسی سازی میں ان کے کردار کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حقیقی ترقی اور ترقی کا خواب خواتین کو بااختیار بنائے بغیر پورا نہیں ہو سکتا۔ وہ منگل کو یہاں پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی ) کے زیر اہتمام 26ویں سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں ۔

مشعال ملک نے کہا کہ آج ہم تاریخ کے ایک اہم موڑ پر کھڑے ہیں جہاں ہم اپنے مستقبل کے لئے انتخاب کرتے ہیں ۔

 انہوں نے کہا کہ یہ محض اتفاق نہیں ہے کہ پائیدار ترقی اور خواتین کے حقوق آپس میں جڑے ہوئے ہیں، کیونکہ ہماری دنیا کی نصف آبادی کو بااختیار بنائے بغیر حقیقی ترقی حاصل نہیں کی جا سکتی۔

معاون خصوصی نے زور دیا کہ پائیدار ترقی کے حصول کے لئے اس امر کو تسلیم کرنا ہوگا کہ خواتین معاشرے میں تبدیلی میں کلیدی اکائی کے طور پر کام کرہی ہیں ۔ خواتین کو بااختیار بنانا کوئی انتخاب نہیں بلکہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

انہوں نےکہا کہ حکومتوں، غیر منافع بخش اداروں، کاروباری افراد کو ایک ساتھ آ کر کثیر جہتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے وسائل اور مہارتوں کو اکٹھا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ خواتین کے پاس مساوی آواز، مساوی مواقع اور مساوی نمائندگی ہو، ہمیں ان رکاوٹوں کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے جس نے کئی نسلوں سے خواتین کی صلاحیتوں کو دبایا ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو تعلیم اور بااختیار بنانا کمیونٹیز اور قوموں کی پائیدار اقتصادی ترقی، سماجی ترقی اور ماحولیاتی استحکام کے لیے اہم ہے، کوئی بھی معاشرہ اپنی خواتین کو پیچھے چھوڑ کر حقیقی ترقی کا دعویٰ نہیں کر سکتا، اب وقت آگیا ہے کہ بیان بازی سے بالاتر ہوکر پائیدار شراکت داری قائم کی جائے۔ ایسے اقدامات کی حمایت کریں جو لڑکیوں کو تعلیم دیں، خواتین کے لیے معاشی مواقع فراہم کریں، اور صنفی مساوات کو برقرار رکھنے والے معاشرتی اصولوں کویقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پائیدار ترقی اور صنفی مساوات کا راستہ ایک ہے جس پر انہیں مل کر چلنا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا صرف ایک مقصد نہیں بلکہ وہ بنیاد ہے جس کے ساتھ ایک پائیدار اور مساوی مستقبل منسلک ہے۔ مشعال حسین ملک  نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس کانفرس کی رو سے مختلف شعبوں سے وابستہ افراد مل کراپنے ویژن سے پائیدار ترقی کو وسعت دیں گے۔

 

 

بشکریہ: اے پی پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More