اسلام آباد(نیوز پلس) جمعرات کو نئے پارلیمانی سال کا آغاز پر صدر مملکت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے خطاب کے بعد باضابطہ طور پر دوسرے پارلیمانی سال کا آغاز ہوگا۔با خبر ذرائع کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی حکومت کے پہلے سال کی کارکردگی کا احاطہ کرنے کے ساتھ آئندہ سال کے اہداف کا عزم بھی ظاہر کریں گے۔قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی میاں شہباز شریف مشترکہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وہ کل لاہو رسے اسلام آباد پہنچیں گے۔اجلاس میں شرکت کیلئے تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کو مدعو کیا گیا ہے۔ چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ اور گورنرز کے علاوہ صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر، گورنر و وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مشترکہ اجلاس کیلئے آصف زرداری، شاہد خاقان عباسی، خواجہ سعد رفیق اور رانا ثنائاللہ سمیت زیرحراست ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہ ہونے پر احتجاج کا بھی امکان ہے۔