Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

امریکا کے ساتھ سفارت کاری اور جنگ دونوں کے لئے تیار ہیں، عباس عراقچی

امریکا کے ساتھ سفارت کاری اور جنگ دونوں کے لئے تیار ہیں، عباس عراقچی

ایران کے خلاف جنگ، پابندیاں یا اسنیپ بیک کوئی بھی حربہ کامیاب نہیں ہوا، ایرانی وزیر خارجہ

ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ جوہری تنازع کا واحد قابلِ عمل راستہ سفارتی بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے حل تلاش کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ایران مذاکرات کو ترجیح دیتا ہے، تاہم کسی معاہدے تک نہ پہنچنے کی صورت میں ملک اپنے دفاع کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ آئندہ دو سے تین دن میں ممکنہ جوہری معاہدے کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا جائے گا۔ منظوری کے بعد یہ دستاویز امریکی خصوصی ایلچی کے حوالے کی جائے گی۔

عباس عراقچی کے مطابق مذاکرات کے دوران ایران نے جوہری افزودگی روکنے کی کوئی پیشکش نہیں کی اور نہ ہی امریکا کی جانب سے ایسا کوئی باضابطہ مطالبہ سامنے آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مذاکرات کار تیزی سے کسی سمجھوتے تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ جوہری مسئلے کا کوئی فوجی حل موجود نہیں اور پائیدار پیش رفت صرف سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے حملہ کیا تو صورتحال مزید پیچیدہ ہو جائے گی اور اس کے اثرات نہ صرف ایران بلکہ پورے خطے اور عالمی برادری کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی کانگریس کے اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران کے خلاف جنگ، پابندیوں اور دیگر دباؤ کے حربے آزما چکا ہے، مگر کوئی بھی طریقہ مؤثر ثابت نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران احترام کی زبان کا جواب احترام سے اور طاقت کی زبان کا جواب اسی انداز میں دے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں ایران پر محدود حملے کے امکان پر غور کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More