اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ، پارلیمانی تعاون، اقتصادی روابط اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جا رہے ہیں۔ دونوں برادر ممالک کے تعلقات مذہب، تاریخ اور ثقافت کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کا قابل اعتماد برادر ہمسایہ ملک ہے اور پاکستان ایران کے ساتھ پارلیمانی و اقتصادی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ دونوں ممالک میں پارلیمانی رابطے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ایران کے ساتھ پارلیمانی و اقتصادی تعلقات کا فروغ قومی اسمبلی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی روابط عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے اور باہمی اعتماد کے فروغ میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان اور ایران دونوں ممالک کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے اس موقع پر کہا کہ ایران، پاکستانی عوام، حکومت، پارلیمان اور میڈیا کا تہہ دل سے شکرگزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ تمام عالمی فورمز پر ایران کا ساتھ دیا ہے، جس کے لیے ایران پاکستان کا انتہائی ممنون ہے۔ ایرانی سفیر نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
رضا امیری مقدم نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہر موقع پر ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ایرانی سفیر نے اسپیکر قومی اسمبلی کے دونوں ممالک کے درمیان روابط کے فروغ میں فعال کردار کو سراہا۔
