اسلام آباد(نیوز پلس)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام کے خلاف اشتعال انگیز کارروائیاں کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں۔
وزیر خارجہ او آئی سی میں پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کریں۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس میں وزیر اعظم نے ناروے میں پیش آنے والے قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے وزارت خارجہ کو او آئی سی سے فوری رابطے کی ہدایت دی ہیں کہ او آئی سی میں پاکستان کے تحفظات سے آ گاہ کریں۔کور کمیٹی اجلاس میں فارن فنڈنگ کیس پر بھی مشاورت کی گئی، وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کے منفی پروپیگنڈے کا بھرپور مقابلہ کرنے کی ہدایت دی۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر بابر اعوان کو قانونی نکات عوام کے سامنے رکھنے کی بھی ہدایت کی، جبکہ بابر اعوان آئینی اور قانونی معاملات پر اہم پریس کانفرنس بھی کریں گے۔