پنجاب کی طرز پر اسلام آباد سوشل سیکیورٹی کے رجسٹرڈ ملازمین کو بھی اضافی الاؤنس اور عیدی دی جائے،سوشل سیکیورٹی ملازمین کے ساتھ ناانصافی کسی صورت پر قابل قبول نہیں ، اجمل بلوچ
صدر انجمن تاجران پاکستان اجمل بلوچ نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت پنجاب کی طرح اسلام آباد سوشل سیکیورٹی کے رجسٹرڈ ملازمین کو بھی ماہانہ الاؤنس کے ساتھ اضافی الاؤنس اور عیدی فراہم کرے۔ انہوں نے وزیر داخلہ، سیکریٹری داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد سے اپیل کی کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے کر ملازمین کو درپیش محرومی کا ازالہ کیا جائے۔
راولپنڈی: صدر انجمن تاجران پاکستان اجمل بلوچ نے اپنے اہم بیان میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد سوشل سیکیورٹی کے رجسٹرڈ ملازمین کو عیدالفطر کے موقع پر اضافی الاؤنس اور عیدی سے محروم رکھنا ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبہ بھر کے سوشل سیکیورٹی ملازمین کو دیے جانے والے تین ہزار روپے ماہانہ الاؤنس کے ساتھ مزید سات ہزار روپے اضافی الاؤنس دینے کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔
اجمل بلوچ نے کہا کہ پنجاب حکومت کے اس اقدام سے ملازمین کو مالی ریلیف ملے گا، تاہم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سوشل سیکیورٹی کے رجسٹرڈ ملازمین کو ایسی سہولت فراہم نہ کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے سوشل سیکیورٹی سے وابستہ رجسٹرڈ ملازمین بھی ذمہ داری اور محنت کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، اس لیے انہیں بھی پنجاب کی طرز پر مساوی سہولیات دی جانی چاہئیں۔انہوں نے وزیر داخلہ، سیکریٹری داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد سے پرزور اپیل کی کہ وہ اس معاملے پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے اسلام آباد سوشل سیکیورٹی کے رجسٹرڈ ملازمین کے لیے بھی ماہانہ الاؤنس، اضافی الاؤنس اور عیدی دینے کے احکامات جاری کریں تاکہ انہیں بھی مالی ریلیف حاصل ہو سکے۔
