Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

اسلام آباد: سیکٹرجی الیون میں کچہری کے قریب خود کش دھماکا ،12افراد شہید ،متعدد زخمی

اسلام آباد: سیکٹرجی الیون میں کچہری کے قریب خود کش دھماکا ،12افراد شہید ،متعدد زخمی
خود کش حملہ آور کا سر مل گیا ،دھماکے میں 3 گاڑیوں کو نقصان پہنچا

 اسلام آباد :(نمائندہ خصوصی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد  کے جی الیون سیکٹر میں کچہری کے نزدیک خودکش دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور  21 زخمی ہوگئے۔ پولیس  کے مطابق اسلام آباد میں منگل کی دوپہر  تقریبا ساڑھے بارہ بجے جی الیون سیکٹر کی کچہری کے نزدیک  زور دار دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہیکہ موٹر سائیکل پر سوار خودکش حملہ آور پولیس کی گاڑی کے قریب پہنچا اور اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا،

 دھماکے سے قریب کھڑی گاڑیوں میں آگ لگ گئی جب کہ خودکش حملہ آور کے اعضا اڑ کر کچہری کے اندر جاگرے۔   پولیس   کے مطابق دھماکے میں 3 گاڑیوں کو نقصان پہنچا جن میں ایک گاڑی پولیس کی تھی اور 2 پرائیوٹ گاڑیاں ہیں۔  دھماکا خودکش تھا اور جائے وقوعہ سے مبینہ خودکش حملہ آور کا سر بھی مل گیا ہے، دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور 21 سے زائد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں وکلا اور سائلین بھی شامل ہیں۔ پمزمیں زیرعلاج زخمیوں میں 4   کی حالت تشویشناک ہے۔

اموات میں اضافے کا خدشہ ہے ۔ دھماکے کے زخمیوں کو پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو سیل کردیا ہے۔ کچہری کے باہر دھماکے کے بعد عمارت خالی کرا لی گئی، وکلا، ججز اور سائلین کو کچہری سے نکال دیا گیا،جوڈیشل کمپلیکس کے عقبی حصے کی طرف سے شہریوں اور وکلا کو نکالا گیا، ججز کو بھی روانہ کر دیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی ضلع کچہری پہنچ گئے،

 آئی جی اسلام آباد پولیس سے بریفنگ لی۔ محسن نقوی نے کہا کہ پہلی ترجیح میں خودکش حملہ آور کی شناخت کریں گے، کل وانا میں بھی گاڑی سوار خودکش حملہ آور انٹری پوائنٹ پر پھٹا،وہاں بھی علاقے کی کلیئرنس جاری ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ وانا اٹیک میں افغانستان ملوث ہے، کمیونیکیشن ہوتی رہی، کچہری حملہ میں ملوث کرداروں کو بھی سامنے لایا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا میڈیا سے گفتگو

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ آج 12 بجکر 39 منٹ پر خودکش حملہ ہوا جس میں 12 افراد شہید اور 27 زخمی ہوئے، خود کش حملہ آور کچہری کے اندر جانے کی کوشش میں تھا،  خودکش حملہ آور 10 سے 15 منٹ کھڑا رہا، وہ اندر جانے کی پلاننگ کرتا رہا، پولیس کی گاڑی آئی تو خودکش حملہ آور نے حملہ کردیا، پہلی ترجیح میں خودکش حملہ آور کی شناخت کریں گے، کچہری حملہ میں ملوث کرداروں کو بھی سامنے لایا جائے گا۔

وزیرداخلہ کل وانا میں بھی گاڑی سوار خودکش حملہ آور انٹری پوائنٹ پر پھٹا،  وانا میں بھی علاقے کی کلیئرنس جاری ہے، وانا حملے میں افغانستان ملوث ہے، وہاں افغانستان میں کمیونیکیشن ہوتی رہی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More