Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

آسٹریلیا نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو شکست دے دی

آسٹریلیا نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو شکست دے دی

آسٹریلیا نے میلبرن ٹیسٹ میچ میں 79 رنز سے پاکستان کو ہرا کر تین میچز کی سیریز میں دو صفر کی فیصلی کن برتری حاصل کر لی۔

میلبرن ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیئے گئے 317 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 237 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور گرین کیپس کو میچ میں 79 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

 پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز اوپنر عبد اللہ شفیق اور امام الحق نے کیا، کینگروز کی طرح شاہینوں کی جانب سے بیٹنگ میں اچھی شروعات نہیں ہوئی، عبداللہ شفیق نے صرف 8 کے مجموعی سکور پر مچل سٹارک کی گیند پر عثمان خواجہ کو کیچ دے دیا، وہ صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

امام الحق ہمیشہ کی طرح ناکام ثابت ہوئے اور 12 رنز پر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے تاہم بعدازاں قومی کپتان شان مسعود نے جارحانہ انداز اپنایا مگر قسمت نے ان کا ساتھ نہ دیا اور وہ 71 گیندوں پر 60 رنز کی باری کھیل کر پیٹ کمنز کا شکار بن گئے۔

 پاکستان کی چوتھی وکٹ 146 رنز پر گری جب بابر اعظم 40 رنز بنا کر فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

پاکستان کی پانچویں وکٹ 162 رنز پر گری، سعود شکیل 24 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

بعدازاں محمد رضوان اور آغا سلمان کی پارٹنرشپ نے میچ  کو مزید دلچسپ بنا دیا تاہم 219 رنز پر پاکستان کی چھٹی وکٹ گر گئی جب محمد رضوان 35 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد 219 رنز پر ہی پاکستان کی ساتویں وکٹ بھی گر گئی، عامر جمال کو صفر پر پیٹ کمنز نے آؤٹ کیا۔

 آسٹریلیا نے جیسے ہی دوسری اننگز شروع کی تو شاہین ان پر جھپٹ پڑے، اننگز کی دوسری ہی گیند پر شاہین نے عثمان خواجہ کو چلتا کیا جب کہ لنچ سے پہلے لبوشین کو بھی میدان بدرکردیا۔

ابتدائی دو وکٹیں حاصل کرنے کے بعد دوسرے اینڈ سے شاندار بولنگ کرتے ہوئے میر حمزہ نے بھی وکٹیں حاصل کرنا شروع کر دیں۔

آسٹریلوی اننگ کے 5.1 اوور میں میر حمزہ نے ڈیوڈ وارنر کو 6 رنز پر بولڈ کیا جس کے بعد انہوں نے اگلی ہی گیند پر ٹریوس ہیڈ کو بھی بولڈ کر کے اپنی دھاک بٹھا دی۔

جلد 4 وکٹیں گرنے کے بعد آسٹریلوی بیٹر سٹیو سمتھ اور مچل مارش نے پارٹنرشپ قائم کی، اس دوران مچل مارش نے 70 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری سکور کی۔

سٹیو سمتھ اور مچل مارش کی پارٹنرشپ کی بدولت آسٹریلیا نے میچ میں اپنی پوزیشن مستحکم کی جس کے بعد 49.5 اوورز میں میر حمزہ نے آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ اڑائی، انہوں نے مچل مارش کو 96 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔

مچل مارش کے بعد سٹیو سمتھ بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رہ سکے اور 50 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر سلمان علی آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ پاکستان کی جانب سے میر حمزہ اور شاہین آفریدی نے 3 ،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کے اختتام پر آسٹریلیا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے اور ان کو 241 رنز کی برتری حاصل رہی۔

میچ کے چوتھے روز مچل سٹارک اور ایلکس کیری نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو کچھ ہی دیر بعد 209 کے مجموعی سکور پر شاہین شاہ آفریدی نے مچل سٹارک کو پویلین کی راہ دکھائی وہ صرف 9 رنز ہی بنا پائے۔

پیٹ کمنز 16 رنز پر عامر جمال کا شکار بنے، اس کے بعد آنے والے نیتھن لائن کو بھی عامر جمال نے کلین بولڈ کیا، ایلکس کیری 53 رنز پر میر حمزہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور میر حمزہ نے 4، 4 جبکہ عامر جمال نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 واضح رہے کہ پاکستان کو پہلی اننگز ککے 54 رنز کے خسارے کے بعد جیت کے لئے تقریباً ڈیڑھ دن کھیل میں 317 رنز کا ہدف ملا تھا جسے پاکستانی بیٹز ناکام نظر آئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More