Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

پاک فوج نے بھارت کے ریاستی دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوت پیش کر دئیے

پاک فوج  نے بھارت کے ریاستی دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوت پیش کر دئیے

راولپنڈی:  پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کرانے کے ثبوت پیش کر تے ہوئے کہاہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے،جس کے واضح ثبوت موجود ہیں  ، پاکستان میں بھارتی دہشت گرد نیٹ ورک ملا، پہلگام حملے کے اب تک کوئی ثبوت نہیں دیے گئے،

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہاکہ بھارت کے پاکستان پر دہشتگردی سے متعلق الزامات بے بنیاد ہیں، پہلگام حملے کو 7 روز ہوگئے اور ابھی تک وہاں پر صرف زبانی جمع خرچ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کو آپریٹ کرتا ہے، 25 اپریل کو بھارتی تربیت یافتہ ایک دہشت گرد جہلم بس اڈے سے پکڑا گیا۔ گرفتار شخص مجید کے گھر سے بھارتی ڈرون اور ڈھائی کلو بارودی مواد برآمد ہوا، جبکہ 10 لاکھ روپے کیش بھی ملے۔انہوں نے کہاکہ گرفتار شخص کے موبائل فون سے بھارت میں ہونے والی گفتگو پکڑی گئی، ہمارے پاس بھارت کے خلاف ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، بھارت دہشتگردوں کو اسلحہ سمیت دیگر سہولت کاری بھی فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ گرفتار شخص کی بھارتی فوج کے صوبیدار سے ہونے والی گفتگو پکڑی گئی، جس میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی۔

  پریس کانفرنس کے دوران ترجمان پاک فوج نے بھارتی فوج کے آفیسر کی دہشت گرد سے ہونے والی گفتگو بھی سنائی جس میں وہ پاکستان میں موجود دہشتگرد کو ہدایات دے رہا ہے۔ اور کہہ رہا ہے کہ پاکستان میں لوگوں کی لاشیں چاہیے، ایسی کارروائی کرو کہ میڈیا پر رپورٹ ہو اور نظر آئے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں دکھایا کہ بھارت فوج کا آفیسر پاکستان میں موجود دہشتگرد کو ویڈیو پر تربیت دے رہا ہے، اور بتا رہا ہے کہ ڈیوائس کیسے استعمال کرنی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بریفنگ میں اسکرین پر مزید دہشتگردوں کی تفصیلات بھی بتائیں، اور کہاکہ 4 کردار اس سیل کو چلا رہے ہیں، جس میں حاضر سروس میجر سندیب ورما جس کی شناخت (سمیر) کے نام سے ہے وہ غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر میں تعینات ہے، اس کے علاوہ صوبیدار سخوندر، حوالدار امت اور بھارتی فوج کے یونیفارم میں ایک اور شخص بھی موجود ہیں۔ پکڑے جانے والے دہشتگرد مجید نے پاکستان میں دہشت گردی کی 47 کارروائیاں کی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کی جانب سے آئی ای ڈیز ڈرون کے ذریعے بھیجی جاتی ہیں، ثبوت سامنے آگئے ہیں کہ کس طرح بھارت پاکستان میں شہریوں اور فوج پر حملوں کے لیے دہشتگردوں کو بارود فراہم کررہا ہے۔پریس بریفنگ میں بھارتی فوج کے آفیسر اور دہشتگرد کے درمیان ہونے والی گفتگو میں بھارتی فوج کا آفیسر کہتا ہے کہ میں نے بلوچستان سے لے کر لاہور تک دہشتگردی کرنی ہے، پھر اس کے لیے وہ دہشتگرد کو ہدایات دیتا ہے۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے حاضر سروس افسر نے دہشت گرد سے کہا کہ میں یہاں ایک دو دن کے لیے نہیں آیا، میں سالوں سے دہشت گردی کررہا ہوں اور آگے بھی کرتا رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ یہ بھارت کی ریاستی دہشتگردی کی واضح مثال ہے، اور یہ صرف ایک سیل ہے جو آپ کے سامنے پیش کیا جارہا ہے جو 25 اپریل کو پکڑا گیا تھا جس نے 4 دہشت گردی کے واقعات کیے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دہشت گرد کی بھارتی فوج کے افسر سے گفتگو کی ایک اور آڈیو سنائی۔(جس میں وہ دہشت گردی کی کارروائی کے لیے جگہ کا تعین کررہے ہیں کہ دھماکا کس مقام پر کیا جاسکتا ہے کون سی مارکیٹ بہتر رہے گی جہاں لوگ زیادہ جمع ہوتے ہیں)۔لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی جانب سے دہشتگرد کو ایک لاکھ 80 ہزار روپے فراہم کرنے کی تفصیل بھی بتائی۔ اس کے علاوہ گزشتہ دنوں آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں پیش آنے والے واقعے پر بھی بریفنگ دی، جس میں پاک فوج کے 3 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

 ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ دراصل بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے پیچھے ان کا کنٹرولڈ میڈیا اور سوشل میڈیا ہے، جس کی جھلک ابھی بھی سب دیکھ رہے ہیں کہ دہشتگردی کا واقعہ کرو اور پھر اس کو مزید اچھالو تاکہ دنیا کو یہ بتایا جائے کہ پاکستان میں دہشتگردی ہے،ایک اور ویڈیو میں دکھایا گیا کہ بھارتی حاضر سروس افسر کی جانب سے پاکستان میں موجود دہشت گرد کی ٹریننگ کس طرح کی جارہی ہے، وہ اسے باقاعدہ ویڈیو بھیج کر بتاتا ہے کہ کس طرح آئی ای ڈی بلاسٹ کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجود دہشت گرد کو بھارت کے حاضر سروس افسر ڈرون کے ذریعے یہ دھماکا خیز مواد بھیجتے تھے، جو ان کے گھر سے برآمد ہوا تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ یہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کا افسر نہیں بلکہ بھارتی آرمی کا افسر ہے جو پاکستان میں دہشت گردی کی کارراوئیوں میں ملوث ہے، آپ اس آرمی کا پروفیشنلزم دیکھیں، بھارتی حکومت اپنی فوج سے یہ کام کروارہی ہے جس میں حاضر سروس فوجیوں سے کام لیا جارہا ہے۔

اس حوالے سے انہوں نے مزید تفصیلات بتائیں کہ 24 ستمبر کو صوبیدار سکھوندر نے دہشت گرد کو ضلع بھمبر میں بھرنالا کی ایک لوکیشن دی کہ وہاں آپ کو ایک آئی ای ڈی ملے گی اور اسے واٹس ایپ پر لوکیشن بھیجتا ہے جب کہ 13 اکتوبر کو پہلا آئی ای ڈی بلاسٹ ضلع باغ کے پیر کانٹھی کے مقام پر ایک فوجی گاڑی پر کرتا ہے جو خبر میڈیا میں بھی آئی تھی جس میں پاک فوج کے جوان زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد اسے ایک لاکھ 80 ہزار روپے کی رقم بھیجی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More