دشمن نے اگر دوبارہ ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو پاؤں تلے روند دیں گے، وزیراعظم
پاکستان کی کامیابی نے خطے میں طاقت کے توازن کو تبدیل کیا۔ کامرہ ائیر بیس کے دورے کے موقع پر شاہینوں سے خطاب
وزیراعظم میحمد شہباز شریف نے دمشن کو دوٹوک پیغام میں واضح کیا کہ اگر دوبارہ ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو پاؤں تلے روند دیں گے ، پاکستان کی کامیابی نے خطے میں طاقت کے توازن کو تبدیل کیا۔
کامرہ ایئر بیس کے دورے میں پاک فضائیہ کے شاہینوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ فضائیہ کے شاہینوں کو عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، جوانوں نے جنگ میں دشمن کے دانت توڑے اور غرور کو خاک میں ملایا، 6 سے 10 مئی تک دنیا کو پاک فضائیہ نے اپنی اعلیٰ ترین مہارت سے حیرت میں ڈالا، ہمارے جوانوں نے دنیا کی سوچ بدل کر رکھ دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 10 مئی کو دنیا میں ایک ہی آواز اٹھی کہ جنگ پاکستان نے تکنیکی مہارت سے جیتی، بھارت نے اربوں ڈالر خرچ کرکے جنگی آلات خریدے اور تاثر دیا کہ وہ اس خطے میں تھانیدار ہے، 10 مئی کو اس نام نہاد تھانیدار کا بت آپ نے پاش پاش کردیا، بھارت اب رہتی دنیا تک اس گھمنڈ اور غرور میں مبتلا نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں آج پاکستان کے پرچم کو احترام سے دیکھا جا رہا ہے پاکستان نے بھارت کے 5 نہیں 6 طیارے گرائے ہمارے شاہینوں نے بھارت کے 3 رافیل گرائے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس جنگ میں پاکستان نے صبر و تحمل کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا، بہت سوچ سمجھ کر دشمن کو جواب دیا، دشمن نے پاکستان پر حملے میں ننھے بچوں کو شہید کیا، پاکستان نے دشمن کی فوجی تنصیبات کو تاک تاک کر نشانہ بنایا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کامرہ ایئر بیس پر معرکۂ حق میں بھارتی طیاروں کو تباہ کرکے دشمن کی برتری کی خوش فہمی کو خاک میں ملانے والے پاک فضائیہ کے شاہینوں سے ملاقات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی اس شان دار کامیابی پر ہم سب کی گردنیں اللہ کے حضور جھکی ہوئی ہیں مگر دشمن کو پیغام دیا کہ دوبارہ میلی سے دیکھا تو اس کو پاؤں تلے روند دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جنہوں نے فرنٹ سے لیڈ کیا، ان میں سپہ سالار جنرل عاصم منیر کو مبارک پیش کرتا ہوں، ایئرچیف بابرسندھو اور نیول چیف کو مبارک پیش کرتا ہوں کہ 10 مئی کو پوری دنیا میں ایک گونج اٹھی کہ یہ جنگ پاکستان نے اپنی تیکنیکی مہارت، اپنی تحقیق سے مہارت حاصل کی تھی اس سے جیتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ابھی ہم نے ایک شان دار پریزینٹیشن لی، اس میں صحیح صورت حال سامنے آئی کہ آج میں قوم کو بلاخوف و تردید یہ بتا سکتا ہوں کہ ان شاہینوں نے دشمن کے 5 نہیں 6 جہاز مار گرائے ہیں اوراس کے ساتھ ڈرونز بھی مارے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ایسا دشمن جو آبادی کے لحاظ سے کئی گنا بڑا ہے اور حالیہ برسوں میں اس نے کئی سو ارب ڈالر خرچ کرکے دنیا کا سب سے جدید اسلحہ خریدا اور عالمی طاقتوں کو بتایا کہ اس خطے میں وہی تھانیدار اور وہی پولیس مین ہے لیکن 10 مئی کی شام کو شاہینوں نے اس تھانیدار کا بت پاش پاش کردیا اور رہتی دنیا تک اب وہ اس طرح غرور اور گھمنڈ میں مبتلا نہیں ہوگا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ اس مختصر جنگ کے چند گھنٹوں میں اپنی بہادری اور دلیری سے شاہینوں نے وہ تاریخ رقم کی ہے کہ قیامت تک دوست اور دشمن اس کو پڑھتے رہیں گے، 10 گھنٹوں سے کم وقت میں اس کو شکست دی اور پاکستان کا جھنڈا وہاں تک بلند کیا جہاں آج پوری دنیا احترام سے دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے شاہینوں اور قوم کے عقابوں کو دل کی گہرائی سے مبارک پیش کرتا ہوں، پوری قوم یک جان دو قالب ہیں اور پوری قوم اس جنگ میں ان کی کامیابی کے لیے دعا گوہ تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ابھی پریزینٹیشن میں بتایا گیا کہ شاہینوں نے 3 رافیل گرائے ہیں اور یہ معرکہ ان نوجوانوں نے سر کیا اور یہ رافیل کو آپ نے جو مارگرایا تو قرآن میں واقعہ آتا ہے کہ ابابیلوں نے ہاتھیوں شہ مات دی۔
شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے شاہینوں کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ نے جے ایف 17 اور چینی ساختہ جہاز ہیں، اس کے ساتھ آپ نے رافیل کو نشانہ بنایا ہے اس قیامت تک مودی اور دنیا یاد رکھے گی۔
قرآن مجید کی سورت الفیل کی تلاوت اور ترجمہ پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تاریخ انہیں الفاظ میں رافیل کے مقابلے کو یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے ایم ایم عالم، فیصل چوہدری، سرفراز رفیقی کی یاد دلادی، جن کی بہادری اور شجاعت کے قصے آج پوری قوم کی زبان پر ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس طرح کی مشاورت شاید اس کی پاکستان کی تاریخ میں پہلے کوئی مثال موجود نہیں ہے، میں تاریخ کے ان اوراق کا گواہ ہوں جس میں اس طرح کی مشاورت کی ماضی میں فقدان تھا لیکن یہ وہ دردناک کہانیاں سنانے کا وقت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں دشمن اور ہم میں یہ فرق تھا کہ ہم نے صبر اور تحمل اور برداشت کا دامن نہیں چھوڑا اور فیصلہ کیا کہ دشمن نے ہماری امن کی پیش کش کو جس گھمنڈ میں ٹھکرایا ہے اس کا جواب بہت سوچ سمجھ کر دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن نے ننھے پھولوں کو ختم کردیا، جنہیں پھولنے سے پہلے مرجھا دیا، دشمن نے ان معصوم بچوں، ماؤں اور جوانوں کو نشانہ بنایا جبکہ ہم نے دشمن کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا کر دشمن کے اوسان خطا کیے اور ان کے ہوش گم ہوگئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ وطن کے لئے ہمارے جوان جان کی قربانی دے گئے ہیں قیامت تک ان کی قربانی کو کبھی بلایانہیں جائے گا ہم سب مل کر پاکستان کی مٹی کی لاج رکھیں گے اور صیحح معنوں میں قائداعظم کا پاکستان بنائیں گے۔
