اگر بھارت نے پانی روکنے یا رخ موڑنے کی کوشش کی تو یہ جنگی اقدام تصور ہوگا، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور اس کی مسلح افواج اپنی خودمختاری، سرحدوں اور عوام کے دفاع کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایاکہ پاکستان انڈس واٹرز ٹریٹی کو معطل کرنے کے بھارتی فیصلے کو سختی سے مسترد کرتا ہے،پانی پاکستان کیلئے زندگی و موت کا مسئلہ ہے اگر بھارت نے پانی روکنے یا رخ موڑنے کی کوشش کی تو یہ جنگی اقدام تصور ہوگا۔ترجمان کے مطابق ہم سندھ طاس معاہدے پر اپنی پالیسی کا اعادہ کرتے ہیں، یہ معاہدہ 250 ملین افراد کی زندگی کا معاملہ ہے۔
ترجمان شفقت علی خان نے کہاکہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے پیش نظر پاکستان تمام دو طرفہ معاہدے بشمول شملہ معاہدہ، معطل کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ترجمان کے مطابق گزشتہ روز نیشنل سیکیورٹی کونسل کا اہم اجلاس ہوا جس میں بھارت کی طرف سے دیے گئے بیان میں موجود درپردہ دھمکی کی بھی شدید مذمت کی گئی۔اجلاس میں عالمی برادری کو بھارت کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی، بیرون ملک قتل کی وارداتوں اور دہشت گردی کے واقعات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ واہگہ بارڈر فوری طور پر بند کیا جاتا ہے، صرف 30 اپریل2025 تک واپس جانے والوں کو اجازت ہوگی،سارک ویزا اسکیم کے تحت بھارتی شہریوں کے تمام ویزے منسوخ کر دئیے گئے، صرف سکھ یاتری مستثنا ہوں گے۔
ترجمان نے کہاکہ بھارتی نیول، ایئر اور ڈیفنس ایڈوائزرز کو ناپسندیدہ شخصیات قرار دے کر30 اپریل تک ملک چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد 30 افراد تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شفقت علی خان نے کہاکہ بھارتی ایئر لائنز کے لیے فضائی حدود بند کی جاتی ہیں اور بھارت کے ساتھ تمام تجارتی روابط فوری طور پر معطل کیے جاتے ہیں۔ترجمان نے کہاکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ترک صدر سے ملاقات کی۔انہوں نے بتایاکہ گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا،
انہوں نے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کی۔ ملاقاتوں میں خطے اور عالمی منظر نامے پر گفتگو ہوئیں، کلچرل کوآپریشن پر ایم او یوز دستخط ہوئیں۔ روانڈا کے وزیر خارجہ نے بھی پاکستان کا دورہ کیا۔ترجمان کے مطابق پاکستان نے پاپ فرانسیس کی وفات پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے، پاکستان ان کے شاندار خدمات کو سراہتا ہے۔
