پی ایس ایل 11: اسلام آباد یونائیٹڈ کوشکست دے کر پشاور زلمی فائنل میں پہنچ گئی
کراچی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے کوالیفائر میچ میں پشاور زلمی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 70 رنز سے شکست دے دی اور فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی۔
میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔
زلمی کی اننگز میں سب سے نمایاں کارکردگی کپتان بابر اعظم کی رہی جنہوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 59 گیندوں پر 103 رنز بنائے۔ یہ ان کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی 13ویں اور پاکستان سپر لیگ کی چوتھی سنچری تھی۔ ان کے علاوہ محمد حارث نے 35، کوشال مینڈس نے 41 اور ایرون ہارڈی نے 20 رنز کی اننگز کھیلی، جس نے ٹیم کے بڑے اسکور میں اہم کردار ادا کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے بولنگ میں شاداب خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ رچرڈ گلیسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
222 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم شروع سے ہی دباؤ میں نظر آئی اور پوری ٹیم 151 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یونائیٹڈ کی جانب سے صرف سمیر منہاس مزاحمت کرسکے جنہوں نے 44 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی بولنگ میں ایرون ہارڈی نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سفیان مقیم اور محمد باسط نے 2،2 وکٹیں لے کر حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کو تہس نہس کردیا۔
اس جیت کے ساتھ پشاور زلمی نے پی ایس ایل 11 کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا اور یہ ان کا مجموعی طور پر پانچواں فائنل ہے، جس کے ساتھ وہ پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ بار فائنل کھیلنے والی ٹیم بھی بن گئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ ٹورنامنٹ سے مکمل طور پر باہر نہیں ہوئی۔ انہیں ایک اور موقع ملے گا، جہاں وہ جمعے کو ایلیمنیٹر 2 میں حیدرآباد کنگزمین یا ملتان سلطانز میں سے کسی ایک کے خلاف مقابلہ کریں گے۔