پاکستان کا نظریہ کشمیر کے ہر قریہ کے لوگوں کی آواز ہے ، چودھری انوارالحق

پاکستان کا نظریہ کشمیر کے ہر قریہ کے لوگوں کی آواز ہے ، چودھری انوارالحق

پاکستان،جموں و کشمیر لازوال رشتے میں منسلک،ہم پاکستانی،پاکستان ہمارا ہے کا نعرہ اور کشمیر بنے گا

مفر آباد:   وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے نقشے میں واحد ملک ہے جو اسلام کے عالمگیر نظریہ کی بنیاد پر قائم ہوا. لا الہ الا اللہ کے نعرے اور عقیدے نے پاکستان میں بسنے والی تمام قومیتوں کو ایک لڑی میں پرو دیا.

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے پاکستان کے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  قائداعظم محمد علی جناح جیسی دانشمنداور مدبرانہ قیادت, علامہ اقبال کی فکر اور تمام قائدین کی جدوجہد کی وجہ سے یہ مملکت آزاد ہوئی. آج جہاں ہم آزادی کی خوشیاں منا رہے ہیں وہاں ہی تحریک پاکستان کے ان تمام اکابرین اور کارکنان کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنھوں نے اس نظریاتی مملکت کیلئے جدوجہد کی.

انہوں نے کہا کہ آج اس مملکت کے دفاع اور سلامتی کیلئے قربانیاں پیش کرنے والوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے. پاکستان اور جموں و کشمیر ایک لازوال رشتے میں منسلک ہیں. مقبوضہ کشمیر میں شہداء پاکستان کے پرچم میں دفنائے جاتے ہیں. ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے, کا نعرہ اور کشمیر بنے گا پاکستان کا نظریہ کشمیر کے ہر قریہ کے لوگوں کی آواز ہے.

 تقریب سے قائمقام صدر چوہدری لطیف اکبر نے بھی خطاب کیا.جبکہ اس موقع پرکور کمانڈر لیفٹینٹ جنرل شاہد امتیاز بھی موجود تھے.

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں. 1947 میں جموں میں مسلمانوں کی نسل کشی کی گئی اور اس سے بچ کر نکلنے والے لاکھوں کشمیریوں کو نہ صرف پاکستانیوں نے گلے لگایا بلکہ ان کو وہی حقوق دیئے جو مقامی لوگوں کو میسر تھے. وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان میں لاکھوں کشمیری آباد ہیں اور افواج پاکستان, سول بیوروکریسی, سیاست, تجارت اور ہر شعبہ میں کلیدی عہدوں پر تعینات ہیں.

وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو اپنے اندر غیر قانونی طور پر ضم کر لیا لیکن پاکستان نے اس کی متنازعہ حیثیت کو نہ صرف برقرار رکھا بلکہ اس کا دفاع بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے ہمیشہ نہ صرف آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی میں خصوصی دلچسپی لی بلکہ عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے فراخدلانہ مدد بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں جب بجلی اور آٹے میں سبسڈی کا مطالبہ آزاد کشمیر کی طرف سے کیا گیا تو شدید معاشی مشکلات کے باوجود حکومت پاکستان نے فراخدلانہ مدد کی۔میں آج کے اس قومی دن کے موقع پر حکومت پاکستان کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور ہندوستان کو بے نقاب کرنے کی کاوشوں کو لائق تحسین سمجھتا ہوں.

 وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ گذشتہ نصف شب ملٹری اکیڈمی کاکول میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے جس دوٹوک انداز میں کشمیری عوام کے حق خوداردایت کی جدوجہد میں ساتھ کھڑے رہنے کا اعادہ کیا اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی اس پر نہ صرف کشمیری عوام شکر گزار ہیں بلکہ اس سے کشمیریوں کو ایک نیا ولولہ اور جذ بہ ملا ہے۔ کشمیری عوام مملکت پاکستان کے دفاع اور پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کی کاوشوں میں اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ ہیں اور رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کا کوئی علاقہ ایسا نہیں جہاں کشمیر کی جد و جہد آزادی اور دفاع کے لیے پاکستان کے جوانوں کا خون شامل نہ ہو۔ اس موقع پر میں افواج پاکستان کی قربانیوں کو بھی خراج عقیدت و تحسین پیش کرتا ہوں جوانہوں نے آزاد کشمیر کے دفاع اور سلامتی کے لیے دی۔ کشمیریوں کو بخوبی محافظ اور قابض فوج میں فرق معلوم ہے۔ سیز فائر لائن کے اس طرف آزاد کشمیر میں تعینات افواج پاکستان محافظ افواج ہیں جو کشمیریوں کی جان، مال، عزت اور حرمت کی حفاظت کر رہی ہیں جبکہ سیز فائر لائن کی دوسری جانب قابض افواج ہیں جن سے نہ کشمیریوں کی جان محفوظ ہے نہ مال اور نہ ہی عزت اور حرمت۔

انہوں نے کہا کہ ہماری آزادی کی خوشیاں اس وقت تک ادھوری ہیں جب تک ہم اسی طر چوک میں سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے یوم آزادی نہیں مناتے۔ اس تاریخ ساز دن میں شہداء جد و جہد آزادی کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ آج مقبوضہ جموں و کشمیر ایک جیل خانہ میں بدل چکا ہے۔ 05 اگست 2019 کوہندوستان نے جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت ختم کر کے اس کو دو یونین علاقوں جموں کشمیر اور لداخ میں تقسیم کر دیا گیا۔ آرٹیکل 35 کا خاتمہ کر کے مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانیوں کو حق شہریت دے دیا گیا۔ جس کا مقصد مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے اور کشمیریوں کی شناخت چھیننا ہے۔ ڈومیسائل کے قانون میں تبدیلی کی گئی اور اس وقت تک تقریبا 6.2 ملین لوگوں کو ڈومیسائل جاری کیے گئے ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کی ہیت بدلی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان نے حریت قیادت کو پابند سلاسل رکھا ہوا ہے۔ مسرت عالم بٹ، شبیر شاہ، یاسین ملک، آسیہ اندرابی، میر واعظ عمر فاروق، ڈاکٹر قاسم فکتو، نعیم خان، ناہیدہ نسرین فہمیدہ صوفی سمیت کئی راہنما مسلسل گرفتار ہیں۔ کشمیر ہندوستان کا جبر و ظلم مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کر سکا۔ حالیہ ہندوستانی الیکشن میں 1996 کے بعد پہلی بار بھارتیہ جنتا پارٹی وادی کی تین نشستوں سے اپنا امیدوار نامزد نہیں کر سکی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان کا مقبوضہ کشمیر میں صرف ترنگا لہرانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا. سبز ہلالی پرچم کشمیریوں کا اپنا پرچم ہے اور ہمیشہ کشمیر میں لہراتا رہے گا.

 انہوں نے کہا کہ پاکستان ہی واحد ملک ہے جو عالمی اور قومی سطح پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی وکالت کرتا ہے. مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل اسی صورت میں ممکن ہے جب پاکستان مستحکم اور مضبوط ہوگا.

وزیراعظم نے کہا کہ آئیے آج کے دن اس عہد کا اظہار کریں کہ ہم پاکستان کے استحکام اور خوشحالی کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے.۔

چودھری انوارالحقوزیراعظم آزاد کشمیریوم آزادی
Comments (0)
Add Comment