پاکستان امن کا علمبردار، علاقائی تنازعات کا پرامن حل ناگزیر ہے: ایاز صادق

پاکستان امن کا علمبردار، علاقائی تنازعات کا پرامن حل ناگزیر ہے: ایاز صادق

مکہ جوائنٹ ڈیفنس معاہدہ مسلم ممالک کے اتحاد میں معاون ہوگا، ملائیشین اسپیکر کی پاکستان کے امن کردار کی تعریف

کیپ ٹاؤن: (پارلیمانی رپورٹر) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے، جبکہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

69ویں کامن ویلتھ پارلیمانی کانفرنس کے موقع پر کیپ ٹاؤن میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملائیشیا کے ہاؤس آف رپریزنٹیٹوِز کے اسپیکر ڈاکٹر جوہری بن عبدل سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی روابط، علاقائی امن و سلامتی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جنہیں پارلیمانی سطح پر مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے پارلیمانی فرینڈشپ گروپس باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، تجربات کے تبادلے اور عوامی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت پر ملائیشیا کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقائی تنازعات کا پرامن حل خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے دوران پاکستان نے تحمل کی پالیسی پر کاربند رہتے ہوئے امن کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل کی حمایت کی ہے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کی کوشش بین الاقوامی قوانین اور طے شدہ معاہداتی اصولوں کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے وسائل سے متعلق معاملات کو یکطرفہ اقدامات کے بجائے بین الاقوامی قوانین اور باہمی معاہدوں کے تحت حل کیا جانا چاہیے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے افغانستان کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔ انہوں نے علاقائی ممالک کے درمیان تعاون اور مشترکہ سفارتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں دیرپا امن کے لیے دہشت گردی کے خاتمے اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے۔

ملاقات کے دوران سردار ایاز صادق نے مکہ جوائنٹ ڈیفنس معاہدے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ معاہدہ مسلم ممالک کے درمیان اتحاد، تعاون اور باہمی دفاعی روابط کے فروغ میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنے ملائیشین ہم منصب ڈاکٹر جوہری بن عبدل کو دورۂ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

ملائیشیا کے اسپیکر ڈاکٹر جوہری بن عبدل نے کہا کہ ملائیشیا پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندوں کے درمیان روابط دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ڈاکٹر جوہری بن عبدل نے خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔ دونوں اسپیکرز نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان پارلیمانی روابط کو مزید وسعت دے کر دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دی جا سکتی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی - سردار ایاز صادق
Comments (0)
Add Comment