قطر پر حملہ امریکا پر حملہ تصور ہو گا، صدر ٹرمپ کا نیا حکم نامہ جاری
امریکی صدر کی جانب سے پیر کو جاری کردہ ایک ایگزیکٹو آرڈر میں کہا گیا
واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ قطر کی سرزمین پر کسی بھی مسلح حملے کو اپنی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھے گا اور خلیجی عرب ریاست کو مکمل سیکیورٹی ضمانت فراہم کرے گا۔ یہ اعلان اسرائیلی فضائی حملے کے بعد سامنے آیا ہے جو گزشتہ ماہ قطر میں کیا گیا تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیر کو جاری کردہ ایک ایگزیکٹو آرڈر میں کہا گیا
قومی سلامتی سے متلعق ایسی ہی یقین دہانیاں صدر ٹرمپ نے امیرِ قطر کو بھی کرائی تھیں اور آج ایک نئے ایگزیکیٹو آرڈر جاری پر بھی دستخط کردیئے۔
اس ایگزیکیٹو آرڈر میں کہا گیا کہ اگر قطر دوبارہ کسی بیرونی حملے کا نشانہ بنا تو امریکا نہ صرف اس کا دفاع کرے گا بلکہ جوابی فوجی کارروائی بھی کرے گا۔
ایگزیکٹو آرڈر میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور قطر قریبی تعاون، مشترکہ مفادات اور مسلح افواج کے درمیان مضبوط تعلقات سے جُڑے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ قطر ایک پُرعزم اتحادی ہے جو امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے امریکا کے ساتھ کھڑا ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ بیرونی خطرات کے پیشِ نظر امریکا قطر کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اب قطر پر ہونے والا کوئی بھی حملہ امریکا پر حملہ تصور ہوگا۔
"ریاستِ قطر کو بیرونی جارحیت سے لاحق مسلسل خطرات کے پیشِ نظر، امریکہ کی پالیسی ہے کہ وہ قطر کی سلامتی اور علاقائی خودمختاری کو ہر ممکن طریقے سے یقینی بنائے۔”
حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ قطر پر حملے کی صورت میں امریکہ "تمام قانونی اور مناسب اقدامات کرے گا — جن میں سفارتی، اقتصادی، اور اگر ضروری ہوا تو فوجی اقدامات بھی شامل ہوں گے — تاکہ امریکہ اور قطر کے مفادات کا دفاع کیا جا سکے اور خطے میں امن و استحکام بحال کیا جا سکے۔”
یہ پیش رفت 9 ستمبر کو اسرائیلی فضائی حملے کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں قطر میں موجود فلسطینی مزاحمتی گروہ حماس کے عہدیداروں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان عہدیداروں کی امریکہ کی جانب سے پیش کردہ غزہ امن منصوبے پر مشاورت جاری تھی۔
امریکی حکام کے مطابق، اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے پیر کو وائٹ ہاؤس سے قطر کے وزیرِ اعظم کو فون کر کے حملے پر معذرت کی اور آئندہ ایسے واقعات سے گریز کی یقین دہانی کرائی۔
یاد رہے کہ قطر نہ صرف امریکہ کا قریبی اتحادی ہے بلکہ وہاں امریکی فوج کا سب سے بڑا اڈہ "العدید” بھی واقع ہے، جہاں امریکی سینٹرل کمانڈ کے اہم عناصر کا علاقائی ہیڈکوارٹر بھی موجود ہے۔