’غصےسے کھول رہا ہوں‘،ہمارے بچوں پر جس طرح ظلم کیا جا رہا ہے، وہ ناقابلِ برداشت ہے، نصیر الدین شاہ نئی دہلی میں طلبہ پر پولیس تشددپر شدید برہم
اگر ایک جاہل شخص کسی ملک کی قیادت کرے تو وہ یہی چاہے گا کہ پورا ملک بھی اس کی طرح جاہل، ناسمجھ، نااہل اور بے رحم بن جائے۔اداکار
بالی وڈ کے سینئر اداکار نصیر الدین شاہ نے نئی دہلی میں طلبہ کے احتجاج کے دوران پولیس کی جانب سے کیے گئے لاٹھی چارج پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے اسے قابلِ مذمت قرار دیا اور طالب علموں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔
نصیر الدین شاہ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک جذباتی بیان میں دہلی پولیس کے اہلکاروں کا موازنہ امریکا کے امیگریشن ادارے آئی سی ای (ICE) کے اہلکاروں سے کرتے ہوئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا، "اگر ایک جاہل شخص کسی ملک کی قیادت کرے تو وہ یہی چاہے گا کہ پورا ملک بھی اس کی طرح جاہل، ناسمجھ، نااہل اور بے رحم بن جائے۔”
اداکار نے مزید کہا کہ طلبہ کے ساتھ ہونے والا سلوک دیکھ کر ان کا دل رنج اور غصے سے بھر گیا ہے۔ ان کے بقول، "ہمارے بچوں پر جس طرح ظلم کیا جا رہا ہے، وہ ناقابلِ برداشت ہے۔ یہ لوگ مجھے امریکا کے آئی سی ای اہلکاروں کی یاد دلاتے ہیں، جو ہاتھوں میں ڈنڈے لیے اور چہروں پر نقاب ڈالے کارروائیاں کرتے ہیں۔ میں ان اہلکاروں سے کہتا ہوں کہ کبھی اپنے بچوں کے بارے میں بھی سوچیں، کیونکہ ہر عمل کا انجام ایک دن ضرور سامنے آتا ہے۔”
نصیر الدین شاہ نے احتجاج کرنے والے طلبہ کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا، "آپ ہمت نہ ہاریں۔ ملک میں بے شمار لوگ آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اپنی جدوجہد جاری رکھیں، آپ تنہا نہیں ہیں۔”
انہوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، "میں صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ جو کچھ آج ہو رہا ہے، وہ سب یاد رکھا جائے گا۔”
واضح رہے کہ بھارت میں نوجوانوں کی سیاسی تنظیم کاکروچ جنتا پارٹی نے وزیرِ تعلیم کے استعفے کے مطالبے کے حق میں پارلیمنٹ کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی تھی۔ پولیس نے مارچ روکنے کے لیے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا، جس کے بعد اس کارروائی پر مختلف سیاسی اور سماجی حلقوں کی جانب سے ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔