ایران کا امریکی میزائل دفاعی نظام کو چیلنج، جدید میزائلوں سے حساس اہداف پر انتہائی درست حملے
ایران نے امریکی میزائل دفاعی نظام کا توڑ نکال کراہداف پر درستگی سے حملے کیے، روسی میڈیا
ایران نے امریکی میزائل دفاعی نظام کا توڑ نکال کر اہداف پر تاک تاک کر نئے حملے کیے ہیں۔
تہران: ایران نے جدید میزائل ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایسے حملے کیے ہیں جنہیں امریکی میزائل دفاعی نظام کے لیے بڑا چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایرانی میزائل نہ صرف انتہائی تیز رفتاری سے اپنے ہدف کی جانب بڑھتے ہیں بلکہ دورانِ پرواز متعدد بار اپنی سمت اور پوزیشن بھی تبدیل کرتے ہیں، جس سے انہیں روکنا مزید مشکل ہو جاتا ہے۔
روسی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایران کے استعمال کردہ نئے میزائل جدید رہنمائی (گائیڈنس) نظام سے لیس ہیں، جو انہیں حساس فوجی اہداف کو غیر معمولی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کے قابل بناتے ہیں۔
رپورٹس میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان حملوں کے بعد امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) میں تشویش پائی جا رہی ہے کہ ایران کس طرح اہم اور حساس اہداف کو مسلسل انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے میں کامیاب ہو رہا ہے، جبکہ امریکی فضائی دفاعی نظام کو ان میزائلوں کے خلاف مؤثر جواب دینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اردن میں واقع ایک امریکی فوجی اڈے پر ہونے والے ایرانی حملے میں دو امریکی فوجیوں کی ہلاکت اور متعدد اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ان رپورٹس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق اگر ایران کی جانب سے استعمال ہونے والی نئی میزائل ٹیکنالوجی مؤثر ثابت ہوتی ہے تو یہ مشرقِ وسطیٰ میں طاقت کے توازن اور فضائی دفاعی حکمت عملی پر نمایاں اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ تاہم، ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔