ایرانی ہیکرز نے برطانوی پاور پلانٹ 4 روز کے لیے بند کر دیا، دی ٹیلی گراف کا انکشاف

ایرانی ہیکرز نے برطانوی پاور پلانٹ 4 روز کے لیے بند کر دیا، دی ٹیلی گراف کا انکشاف

برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی حکومت سے وابستہ ہیکرز نے گزشتہ ماہ ایک سائبر حملے کے ذریعے برطانیہ کے ایک پاور پلانٹ کو چار روز تک مکمل طور پر بند کر دیا تھا۔ اخبار کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے جس میں ایرانی ہیکرز نے برطانیہ میں کسی بجلی گھر کو کامیابی سے غیر فعال کیا۔

دی ٹیلی گراف کے مطابق سائبر حملہ ایسے وقت میں ہوا جب امریکا میں پانی کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کو بھی سائبر حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ ان حملوں سے امریکا کی 12 ریاستیں متاثر ہوئیں، جبکہ صورتحال نے وائٹ ہاؤس میں بھی تشویش پیدا کردی تھی۔

برطانوی حکام نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر متاثرہ پاور پلانٹ کی شناخت ظاہر کرنے سے گریز کیا ہے۔ تاہم رپورٹ کے مطابق پلانٹ چار روز تک مکمل طور پر بند رہا اور اس دوران عملہ بجلی گھر کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے مسلسل کام کرتا رہا۔

اخبار کا کہنا ہے کہ متاثرہ پاور پلانٹ ممکنہ طور پر نسبتاً چھوٹا تھا، جس کے باعث اس کی بندش سے برطانیہ کے مجموعی بجلی کی پیداوار یا ترسیل کے نظام پر کوئی نمایاں اثر نہیں پڑا۔

رپورٹ کے مطابق مغربی ممالک طویل عرصے سے اس خدشے کا اظہار کرتے رہے ہیں کہ ریاستی سرپرستی میں ہونے والے سائبر حملے اہم بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ تاہم برطانوی پاور پلانٹ کی حالیہ بندش کو اس لیے غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے کہ اس سے قبل کسی ہیکر کے برطانیہ میں کسی پاور پلانٹ کو مکمل طور پر بند کرنے میں کامیاب ہونے کی اطلاع سامنے نہیں آئی تھی۔

دی ٹیلی گراف کے مطابق ماہرین کا خیال ہے کہ حملے کا مقصد ممکنہ طور پر صرف نقصان پہنچانا نہیں بلکہ یہ ظاہر کرنا بھی تھا کہ ایرانی پاسداران انقلاب سے منسلک ہیکنگ گروپس برطانیہ کے حساس نظاموں تک رسائی حاصل کرنے اور اہم تنصیبات کو عارضی طور پر غیر فعال کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اہم قومی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے سائبر حملوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے، جس کے پیش نظر بجلی، پانی اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے سیکیورٹی نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

ایران - ہیکرزبرطانیہ پاور پلانٹ
Comments (0)
Add Comment