انڈونیشین نیوی کے سربراہ کی نیول چیف سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے کا عزم
تربیتی پروگراموں، باہمی دوروں اور مشترکہ بحری مشقوں کے ذریعے دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد: انڈونیشین بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں آمد پر انہیں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے نیول ہیڈکوارٹرز میں یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک و قوم کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
بعد ازاں انڈونیشین نیوی چیف نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی بحری سلامتی کی صورتحال اور پاکستان و انڈونیشیا کے درمیان دوطرفہ بحری تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں جانب سے بحری شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں تربیتی پروگراموں، باہمی دوروں اور مشترکہ بحری مشقوں کے ذریعے دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔
ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ باقاعدہ رابطوں اور عملی تعاون کے ذریعے پاکستان اور انڈونیشیا کی بحری افواج کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انڈونیشین نیوی کے سربراہ نے علاقائی بحری سلامتی اور استحکام کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا اور سمندری سلامتی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی تجربات کے تبادلے، مشترکہ سرگرمیوں اور مسلسل رابطوں کے ذریعے دونوں بحری افواج کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔