اداکارہ حمیرا بانو نے شادی کر لی، شوہر کے ہمراہ تصاویر شیئر
پاکستانی ٹیلی ویژن کی معروف اور سینئر اداکارہ حمیرا بانو نے ممکنہ طور پر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئی ہیں۔ اداکارہ نے سوشل میڈیا پر اپنے شوہر کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے نئی زندگی کے آغاز پر ایک جذباتی پیغام بھی لکھا۔
حمیرا بانو نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شوہر کے ہمراہ تصاویر پوسٹ کیں، تاہم انہوں نے تصاویر میں شوہر کا چہرہ نمایاں نہیں کیا۔ اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں واضح طور پر شادی کا اعلان کرنے کے بجائے ایک مبہم مگر معنی خیز پیغام کے ذریعے نئی زندگی کے آغاز کی طرف اشارہ کیا۔
اداکارہ نے لکھا کہ کبھی انسان اپنے لیے کچھ اور منصوبہ بناتا ہے لیکن اللہ تعالیٰ کی منصوبہ بندی کچھ اور ہوتی ہے، اور جب رب ’’کُن‘‘ فرما دے تو منزل آسان ہوجاتی ہے۔
حمیرا بانو کی پوسٹ سامنے آتے ہی شوبز شخصیات، دوستوں اور مداحوں کی جانب سے مبارکباد اور نیک خواہشات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ مایا خان، سباحت بخاری، منسا ملک اور عرفان موری والا سمیت متعدد شوبز شخصیات نے سوشل میڈیا پر اداکارہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی حمیرا بانو کے لیے نئی زندگی میں خوشیوں، محبت اور کامیابی کی دعائیں کیں، جبکہ کئی صارفین نے اداکارہ کو زندگی کے نئے سفر پر مبارکباد دی۔
حمیرا بانو کا شمار پاکستان کے تجربہ کار ٹیلی ویژن اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے متعدد مقبول ڈراموں میں مختلف نوعیت کے کردار نبھائے ہیں اور بالخصوص ماں، بڑی خاتون اور خاندان کے اہم کرداروں میں اپنی جاندار اداکاری سے ناظرین کے دل جیتے ہیں۔
ان کے نمایاں ڈراموں میں ’امید‘، ’مہرپوش‘، ’میرا رب وارث‘، ’ملالِ یار‘، ’ڈولی ڈارلنگ‘، ’میرے اپنے‘، ’بے نام‘، ’بنو‘، ’دیوانگی‘ اور ’محروم‘ شامل ہیں۔
حمیرا بانو حالیہ ڈرامہ ’ملکیت‘ میں زکیہ کے کردار میں بھی نظر آئیں، جہاں ان کی اداکاری کو ناظرین کی جانب سے سراہا گیا۔ ڈرامے کی کاسٹ میں محسن عباس حیدر، ثانیہ شمشاد، ہارون شاہد، مایا خان اور فائزہ گیلانی سمیت دیگر اداکار شامل تھے۔
اداکارہ اپنی نجی زندگی کو عموماً میڈیا کی توجہ سے دور رکھتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کی جانب سے شوہر کے ہمراہ تصاویر شیئر کیے جانے اور نئی زندگی کے آغاز کا عندیہ دینے پر مداح حیران ہونے کے ساتھ ساتھ خوش بھی ہیں۔
تاہم حمیرا بانو کی جانب سے تاحال شادی کی باقاعدہ اور واضح تصدیق سامنے نہیں آئی، اس لیے ان کی سوشل میڈیا پوسٹ کو شادی کا اشارہ ہی قرار دیا جا رہا ہے۔