پاکستان نیوی پاک وطن کی بحری سرحدوں کے دفاع کیلئے تیار ہے۔ سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی

رباط مشق کے انعقاد کا مقصد مختلف آپریشنل منصوبوں اور جنگی چالوں کو جانچنا ہے

کراچی(نیوز پلس) پاکستان نیوی کی آپریشنل مشق رباط 2019ء کامیابی سے جاری ہے۔ پاک بحریہ کے جنگی بیڑے کی اہداف کو نشانے بنانے کی صلاحیت کو مزید بڑھانے کیلئے مشق کے دوران بحری جنگی جہاز اور ایئر کرافٹ سے میزائلوں کی فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا گیا جو پاک بحریہ کی جنگی صلاحیتوں پر مہر ِ تصدیق ہے۔اس مشق کے انعقاد کا مقصد مختلف آپریشنل منصوبوں اور جنگی چالوں کو جانچنا ہے، جن میں پاکستان نیوی کی تمام فیلڈ کمانڈز اور پاکستان ائیر فورس کے مشترکہ آپریشنز بھی شامل ہیں۔رباط مشق کے دوران پاکستان نیوی اور پاکستان ائیر فورس کی یونٹس کھٹن سمندری اور بحری جنگی ماحول میں مختلف میری ٹائم آپریشنز میں حصہ لے رہی ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ پاک میرینز اور اسپیشل آپریشن فورسز کی ساحلی دفاع، فضائی دفاع، میری ٹائم امتناعی آپریشن جیسے اسپیشل آپریشنز کی مشقیں بھی جاری ہیں۔مشق رباط زمانہ امن و جنگ میں پاکستان کے میری ٹائم اثاثوں کے بحری دفاع اور حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان نیوی کی تیاریوں کے اعلیٰ معیار اور جنگی صلاحیتوں کے عزم کا ثبوت ہے۔پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے میزائل فائرنگ کامشاہدہ کیااور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان نیوی پاک وطن کی بحری سرحدوں کے دفاع کیلئے تیار ہے اور دشمن کی طرف سے کسی بھی جارحیت کا جواب موٗثر انداز میں دیا جائے گا۔

پاکستان نیویکراچیمشق رباط
Comments (0)
Add Comment