مکہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں، علاقائی امن کا مشترکہ عزم ہے: اسحاق ڈار
پاکستان قومی سلامتی کے تحفظ کے ساتھ سفارتی روابط اور معاشی ترقی کے مواقع برقرار رکھنا چاہتا ہے، نائب وزیراعظم
پاکستان علاقائی امن، استحکام اور معاشی روابط کے فروغ کا خواہاں ہے، عالمی قوانین کا غیر منصفانہ اطلاق عالمی نظام میں تفریق پیدا کر رہا ہے، اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو زیادہ مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا، نائب وزیراعظم کا مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مکہ معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری اور مشترکہ تعاون کے عزم کی علامت ہے، یہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ سلامتی کے فروغ کے لیے ہے۔ پاکستان قومی سلامتی کے تحفظ کے ساتھ سفارت کاری، علاقائی تعاون اور معاشی ترقی کے مواقع کو بھی اہمیت دیتا ہے۔
مارگلہ ڈائیلاگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال میں بین الاقوامی سلامتی کا ڈھانچہ شدید دباؤ کا شکار ہے اور دنیا کو تیزی سے بدلتے ہوئے سیاسی، معاشی اور سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔ عالمی قوانین کا غیر منصفانہ اور امتیازی اطلاق بین الاقوامی نظام میں تفریق کو جنم دیتا ہے، جس سے عالمی اداروں پر اعتماد متاثر ہوتا ہے۔ اقوام متحدہ سمیت دیگر بین الاقوامی اداروں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور عالمی امن کے قیام کے لیے زیادہ مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں ایک پرامن، مستحکم اور معاشی طور پر مربوط ماحول کا خواہاں ہے۔ اسلام آباد اس اصول کی حمایت کرتا ہے کہ کسی بھی ملک کی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی یا تخریبی سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے مؤثر اقدامات، باہمی تعاون اور علاقائی ممالک کے درمیان اعتماد سازی ناگزیر ہے۔
نائب وزیراعظم نے مکہ معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور ترکیے کے ساتھ پاکستان کا دفاعی تعاون علاقائی امن و استحکام کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اس شراکت داری کا مقصد باہمی تعاون کو مضبوط بنانا اور خطے میں امن و سلامتی کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی خارجہ اور دفاعی پالیسی کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں بلکہ قومی مفادات، خودمختاری اور علاقائی استحکام کے اصولوں پر مبنی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان بدلتی ہوئی عالمی صورتحال کے تناظر میں دوست ممالک اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دے رہا ہے۔ چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، جبکہ امریکا، سعودی عرب، ترکیے، جاپان، مصر، متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا سمیت دیگر اہم ممالک کے ساتھ تعلقات بھی خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کوشش ہے کہ قومی سلامتی کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر سفارتی روابط، اقتصادی تعاون اور ترقی کے نئے امکانات بھی برقرار رکھے جائیں۔ موجودہ عالمی ماحول میں کسی ایک شعبے میں پیش رفت کافی نہیں، بلکہ دفاع، معیشت، ٹیکنالوجی، تجارت اور سفارت کاری کے درمیان مؤثر ہم آہنگی ضروری ہے۔
نائب وزیراعظم کے مطابق پاکستان دفاعی اور تکنیکی صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ معاشی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھتا ہے۔ ملک میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے، روزگار پیدا کرنے اور عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے سرمایہ کاری کے حوالے سے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے مضبوط اور مؤثر ادارے، ہنرمند افرادی قوت، پالیسیوں میں تسلسل اور کاروبار دوست ماحول بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافہ اور معاشی اصلاحات ضروری ہیں۔
اسحاق ڈار نے عالمی معاشی نظام میں ترقی پذیر ممالک کو درپیش مشکلات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی اقتصادی ڈھانچے میں تمام ممالک کو مساوی مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔ ترقی پذیر ممالک کو تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور عالمی مالیاتی نظام تک منصفانہ رسائی ملنا ضروری ہے تاکہ وہ عالمی معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان عالمی سطح پر ذمہ دارانہ سفارت کاری، علاقائی تعاون، باہمی احترام اور معاشی روابط کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ ان کے مطابق پائیدار امن اور مشترکہ خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ ممالک تصادم کے بجائے مکالمے، یکطرفہ اقدامات کے بجائے تعاون اور امتیازی رویوں کے بجائے بین الاقوامی قوانین کی یکساں پاسداری کو ترجیح دیں۔
