ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان کا بڑا اعزاز، عبد الرحمان نے میجک اسکل ایوارڈ اپنے نام کرلیا
مداحوں کی ووٹنگ میں عبد الرحمان کو 44 فیصد ووٹس ملے، کینٹن میلویل 39 فیصد کے ساتھ دوسرے رہے
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے ورلڈ کپ میجک اسکل ایوارڈز کے فاتحین کا اعلان کردیا، جس میں پاکستان کے نوجوان ہاکی کھلاڑی عبد الرحمان نے مینز کیٹیگری کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
ایف آئی ایچ کے مطابق عبد الرحمان نے ورلڈ کپ کے دوران ویلز کے خلاف میچ میں شاندار تھری ڈی اسکلز کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کے چار دفاعی کھلاڑیوں کو خوبصورتی سے ڈاج کیا اور گیند کو جال میں پہنچا دیا۔ ان کا یہ شاندار گول ایونٹ کے یادگار لمحات میں شامل رہا۔
میجک اسکل ایوارڈ کے لیے مینز کیٹیگری میں تین کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا، جن میں پاکستان کے عبد الرحمان، جنوبی افریقا کے کینٹن میلویل اور فرانس کے کرٹی ایلٹ شامل تھے۔
مداحوں کی ووٹنگ میں عبد الرحمان نے سخت مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی۔ انہیں 44 فیصد ووٹس ملے جبکہ جنوبی افریقا کے کینٹن میلویل 39 فیصد ووٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ویمنز کیٹیگری کا میجک اسکل ایوارڈ بھارت کی گول کیپر بیچو دیوی کریبام نے جیتا۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف میچ کے آخری منٹ میں شاندار ریفلیکس سیو کرکے اپنی ٹیم کو اہم موقع پر گول سے محروم ہونے سے بچایا۔ بیچو دیوی کو مداحوں کی جانب سے 52 فیصد ووٹس ملے۔
ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان کی ٹیم 11ویں پوزیشن پر رہی، تاہم عبد الرحمان کے شاندار گول کو ٹورنامنٹ کے بہترین گولز میں نمایاں مقام ملا اور اب میجک اسکل ایوارڈ بھی پاکستان کے نام ہوگیا ہے۔
یاد رہے کہ ہاکی ورلڈ کپ رواں سال اگست میں بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں منعقد ہوا تھا۔ مینز ایونٹ کے فائنل میں جرمنی نے اسپین کو 0-1 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا، جبکہ ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹینا نے نیدرلینڈز کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 3-1 سے شکست دی تھی۔
