Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

پٹرولیم لیوی ختم ہونے تک دھرنے ختم نہیں ہوں گے، حافظ نعیم کا دوٹوک پیغام

پٹرولیم لیوی ختم ہونے تک دھرنے ختم نہیں ہوں گے، حافظ نعیم کا دوٹوک پیغام

حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو مذاکرات ختم کرکے 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ ہوگا، امیر جماعت اسلامی

کراچی: (نیوز پلس)  امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم ہونے تک دھرنے جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے مطالبات پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو مذاکرات ختم کردیئے جائیں گے اور 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ ہوگا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسلام آباد میں کنٹینر لگا کر جماعت اسلامی کا مارچ نہیں روکا جاسکتا، ہمارے پاس پلان اے، بی اور سی موجود ہیں۔ حکومت کے لیے بہتر ہے کہ حالات خراب نہ کرے اور اسلام آباد میں عوام کے معمولات زندگی کو سکون سے چلنے دے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے حکومت کے سامنے مکمل فارمولا پیش کردیا ہے، تاہم حکومت کی جانب سے جواب میں صرف پریزنٹیشن دی جارہی ہے۔ حکومت کہتی ہے کہ اگر پٹرولیم لیوی کم کردی جائے تو آمدنی کہاں سے آئے گی، لیکن عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومت کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ڈیزل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، حکومت بتائے کیا اس کے نتیجے میں کرایوں میں کمی کی گئی ہے؟ کیا کرایوں میں کمی کی بھی کوئی ایپ موجود ہے؟ ریلوے کے ذریعے سفر کرنے والے عوام کو کیا ریلیف دیا گیا ہے؟ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی صورت لاک ڈاؤن قابل قبول نہیں ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی نے پنجاب میں سرکاری طیارے کے مبینہ نجی استعمال پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ سرکاری طیارہ نجی کاموں کے لیے کیوں استعمال کیا جارہا ہے؟ اس معاملے کا مکمل آڈٹ ہونا چاہیے اور یہ بھی بتایا جائے کہ طیارہ کیسے اور کیوں خریدا گیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کے ساتھ آج شام 6 بجے مذاکرات کا ایک اور دور ہوگا۔ انہوں نے اپنی مذاکراتی ٹیم کو ہدایت دے رکھی ہے کہ اگر حکومت اسی طرح معاملات کو طول دیتی رہی اور مطالبات پر پیش رفت نہ ہوئی تو مذاکرات ختم کردیئے جائیں۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ ہوگا اور اب فیصلے سڑکوں پر ہوں گے۔ پٹرولیم لیوی ختم کیے بغیر جماعت اسلامی کے دھرنے ختم نہیں کیے جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

Security Question:7 − 1 = ?

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More