بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری، کمانڈر سمیت 9 دہشتگرد ہلاک
کوئٹہ: بلوچستان میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، مستونگ اور پشین میں دو الگ آپریشنز کے دوران کمانڈر سمیت 9 مبینہ دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، جہاں ایک گاڑی کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے نتیجے میں کمانڈر نقیب سمیت 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ دہشتگردوں کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کو بھی نشانہ بنایا اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری رکھا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ادھر پشین کے علاقے سرانان میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں اور اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس میں 6 مبینہ دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 4 اہلکار بھی زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے تھا اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملوں میں ملوث رہے تھے، جبکہ کارروائی کے بعد علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے امکان کے پیش نظر سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سکیورٹی اداروں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور امن و امان کے قیام تک کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں گی۔
