Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

بلوچستان : سیکیورٹی فورسز نے آپریشن میں 11 دہشت گرد ہلاک کر دیئے، بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد

بلوچستان :  سیکیورٹی فورسز نے آپریشن میں 11 دہشت گرد ہلاک کر دیئے، بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد

راولپنڈی: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے، جبکہ بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 6 اور 7 ستمبر کو بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خاران میں دہشت گردوں نے سڑک بلاک کرکے مقامی ٹریفک میں خلل ڈالنے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دوسری کارروائی ضلع واشک میں کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق واشک آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جو دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) تیار کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد بلوچستان میں دہشت گردی، تخریبی کارروائیوں اور بدامنی کو فروغ دینے کی کوششوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ سکیورٹی فورسز ملک میں غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گی۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت اور رفتار کے ساتھ جاری رہے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

Security Question:2 × 4 = ?

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More