Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

فلسطین میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے خلاف برطانوی اقدام، پاکستان کا خیر مقدم

فلسطین میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے خلاف برطانوی اقدام، پاکستان کا خیر مقدم

پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کی مسلسل حمایت کرتا آیا ہے اور آئندہ بھی فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے خلاف اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان بستیوں کی مسلسل توسیع عالمی قوانین اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے آنے والی اشیاء پر پابندی عائد کرنے سے متعلق برطانیہ کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی مسلسل توسیع نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے دو ریاستی حل کے حصول اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے جاری عالمی کوششوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کئی دیگر ممالک کی جانب سے بھی غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے خلاف اسی نوعیت کے اقدامات پر غور کرنے کا خیرمقدم کرتا ہے۔ امید ہے کہ ایسے اقدامات مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جاری غیر قانونی سرگرمیوں کو مسترد کرنے کے حوالے سے ایک واضح اور دوٹوک عالمی پیغام ثابت ہوں گے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کی مسلسل حمایت کرتا آیا ہے اور آئندہ بھی فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک خودمختار، آزاد اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کے قیام کی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، اور جو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرحدوں کی بنیاد پر قائم ہو۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

Security Question:12 − 8 = ?

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More