لارڈز ٹیسٹ: پاکستان ٹیم میں اہم تبدیلیوں کا امکان، بابر اعظم کی واپسی متوقع
انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ سے قبل پاکستان کی پلیئنگ الیون میں اہم تبدیلیوں کا امکان ہے، جبکہ انگلی کی انجری کے باعث پہلے ٹیسٹ سے باہر رہنے والے بابر اعظم کی واپسی کے امکانات بھی روشن ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 27 اگست سے لارڈز، لندن میں کھیلا جائے گا۔ ٹیم مینجمنٹ لندن پہنچنے کے بعد مقامی کنڈیشنز کا جائزہ لے کر پلیئنگ الیون کو حتمی شکل دے گی۔
ہیڈنگلے میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو اننگز اور 103 رنز کی بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کمبی نیشن میں تبدیلیوں پر غور شروع کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو لارڈز ٹیسٹ میں آرام دیے جانے کا امکان ہے، جبکہ بابر اعظم کی مکمل فٹنس کی صورت میں ان کی پلیئنگ الیون میں واپسی متوقع ہے۔ بابر اعظم انگلی کی انجری کے باعث ہیڈنگلے ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے۔
بابر اعظم کی واپسی کی صورت میں اذان اویس کو پلیئنگ الیون سے باہر کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق لارڈز کی نسبتاً خشک کنڈیشنز اور پچ کی متوقع نوعیت کو دیکھتے ہوئے پاکستان دو اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترنے پر بھی غور کر رہا ہے، جبکہ فاسٹ بولر عبید شاہ کو بھی ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
ٹیم مینجمنٹ لارڈز کی کنڈیشنز، پچ کے رویے اور میچ کے دوران موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی کمبی نیشن طے کرے گی۔ پاکستان پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد تین میچز کی سیریز میں 0-1 سے پیچھے ہے اور لارڈز ٹیسٹ میں کم بیک کرتے ہوئے سیریز برابر کرنے کی کوشش کرے گا۔
