سکیورٹی فورسز کی بلوچستان، خیبرپختونخوا میں کارروائیاں، 10 دہشت گرد ہلاک، کیپٹن حمزہ اکرم شہید
راولپنڈی: بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 10 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک کیپٹن نے مادرِ وطن پر جان قربان کردی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی، جس کے دوران فتنۃ الخوارج کے 7 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد مسجد میں پناہ لینے کی کوشش کی۔ دہشت گردوں نے مسجد کی حرمت کو پامال کرتے ہوئے اسے اپنی پناہ گاہ کے طور پر استعمال کیا۔
کارروائی کے دوران 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے اور وطن پر قربان ہوگئے۔ شہید کیپٹن حمزہ اکرم کا تعلق ضلع نارووال سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہنگو میں مزید دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ردّالفتنہ 3 کے دوران بلوچستان کے علاقوں کمبیلہ اور عاصم آباد میں بھی سکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کیں، جن میں فتنۃ الہندوستان کے 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ 2 دہشت گردوں کی لاشیں بھی برآمد کی گئیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کمبیلہ اور عاصم آباد میں سرچ اینڈ سینیٹائزیشن آپریشن کے دوران 68 مربع کلومیٹر کا علاقہ کلیئر کرایا گیا۔ کارروائی میں 4 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے، جن میں دہشت گرد گروہ کا سرغنہ شوکت ماما بھی شامل ہے، جبکہ 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی متعدد پناہ گاہیں بھی ختم کردی گئیں اور فتنۃ الہندوستان کے جھنڈے ہٹا دیے گئے۔ سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ آپریشن ردّالفتنہ 3 دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہنگو میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے کیپٹن حمزہ اکرم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید افسر نے بہادری، جرات اور فرض شناسی کی مثال قائم کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کیپٹن حمزہ اکرم نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ملک و قوم کے دفاع، امن اور سلامتی کے لیے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کیپٹن حمزہ اکرم شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
