Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

ایران کا امریکی کروز میزائل مار گرانے کا دعویٰ، جدید بیلسٹک میزائلوں کی ویڈیو بھی جاری کردی

ایران کا امریکی کروز میزائل مار گرانے کا دعویٰ، جدید بیلسٹک میزائلوں کی ویڈیو بھی جاری کردی

تہران: ایران کی پاسداران انقلاب اسلامی (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فضائی دفاعی نظام نے امریکی کروز میزائل کو اپنے ہدف تک پہنچنے سے قبل مار گرایا

ایرانی خبر رساں ادارے وانا کے مطابق آئی آر جی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار کی صبح صوبہ لورستان کے شہر خرم آباد کے نواحی علاقے درہ نصب میں مربوط قومی فضائی دفاعی نیٹ ورک کے تحت کام کرنے والے ایرو اسپیس فورس کے جدید دفاعی نظام نے امریکی کروز میزائل کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

بیان کے مطابق یہ کارروائی مبینہ امریکی فضائی حملے کے دوران کی گئی، جس کے نتیجے میں میزائل اپنے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ ہوگیا۔

آئی آر جی سی نے مار گرائے گئے میزائل کی نوعیت یا واقعے میں ہونے والے ممکنہ جانی و مالی نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔

دوسری جانب پاسداران انقلاب نے امریکا کے خلاف حالیہ جوابی کارروائی میں استعمال کیے گئے جدید بیلسٹک میزائلوں کی ویڈیو بھی جاری کر دی۔

آئی آر جی سی کے مطابق امریکی حملوں کے جواب میں کی گئی کارروائی میں قدر، عماد، خیبر شکن، فتح-110 اور ذوالفقار سمیت طویل فاصلے تک مار کرنے والے جدید بیلسٹک میزائل استعمال کیے گئے، جن میں ٹھوس اور مائع ایندھن سے چلنے والے میزائل بھی شامل تھے۔

ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ یہ میزائل انتہائی درستگی کے ساتھ فوجی اور تزویراتی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

پاسداران انقلاب کے مطابق ویڈیو ایسے وقت جاری کی گئی ہے جب اس کی ایرو اسپیس فورس اور بحریہ نے امریکی فضائی حملوں کے جواب میں مشترکہ کارروائیاں کیں۔

ایرانی فوج کے مطابق امریکی افواج نے جنوبی ایران کے ساحلی علاقوں میں واقع متعدد فوجی اڈوں اور ٹیلی کمیونیکیشن تنصیبات کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد جوابی کارروائی کے پہلے مرحلے میں اردن کے پرنس حسن ایئر بیس میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

چند روز قبل امریکا نے جنوبی ایران کے بعض علاقوں پر حملے کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ یہ کارروائی آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر مبینہ ایرانی حملوں کے ردعمل میں کی گئی، تاہم ایران نے ان الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔

ایران کا مؤقف ہے کہ امریکی حملے اسلام آباد جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی تھے، جس کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران نے آبنائے ہرمز بند کرنے کا اعلان کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More