Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

پاکستان کی ثالثی میں امریکا کے ساتھ مذاکرات کا عمل آگے بڑھ رہا ہے۔ ایران

پاکستان کی ثالثی میں امریکا کے ساتھ  مذاکرات کا عمل آگے بڑھ رہا ہے۔ ایران

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان جاری رابطوں سے متعلق اہم تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات براہِ راست نہیں بلکہ ایک ثالثی چینل کے ذریعے جاری ہیں، جس میں پاکستان کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق ایران اور امریکہ کے درمیان سفارتی رابطے مکمل طور پر منقطع نہیں ہوئے بلکہ ایک غیر مستقیم مکالمے کی صورت میں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں فریقین نے ایران کی حالیہ تجاویز پر اپنے اپنے ردعمل اور آراء بھی بھیج دی ہیں، اور ان پر مزید غور و خوض کیا جا رہا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ ایران کی بنیادی توجہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے فروغ پر ہے، تاہم اس کے باوجود تہران اور واشنگٹن کے درمیان بنیادی اختلافات اب بھی موجود ہیں۔ ترجمان کے مطابق ایران اپنی تجاویز پیش کر چکا ہے جبکہ امریکہ کی جانب سے بھی جوابات موصول ہو چکے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایران اور عمان کی تکنیکی ٹیموں نے گزشتہ ہفتے عمان میں آبنائے ہرمز میں محفوظ جہاز رانی کے طریقہ کار پر تفصیلی مذاکرات کیے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایران دیگر متعلقہ علاقائی فریقین کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں ہے تاکہ اس اہم سمندری راستے کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان نے یہ بھی کہا کہ ایران خطے کے کسی بھی ملک، بشمول متحدہ عرب امارات، کے ساتھ دشمنی نہیں رکھتا اور علاقائی ہم آہنگی کو اہم سمجھتا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے یورینیم افزودگی کے معاملے پر دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے افزودگی کے حق پر کسی بھی قسم کی بات چیت یا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حق بین الاقوامی جوہری معاہدوں، خصوصاً عدم پھیلاؤ کے معاہدے (NPT)، کے تحت تسلیم شدہ ہے۔

انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان شرائط کے تبادلے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ایران کے مطالبات واضح ہیں، جن میں منجمد ایرانی اثاثوں پر عائد پابندیوں کا خاتمہ شامل ہے۔ ان کے مطابق ایران اسے اپنی شرط قرار دیتا ہے جبکہ یہ دراصل ایک جائز مطالبہ ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More