انطالیہ ڈپلومیسی فورم: وزیراعظم شہباز شریف اور صدر اردوان کی ملاقات،پاکستان کی امن کوششوں پر ترکیہ کی مکمل حمایت کا اعادہ
انطالیہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر ترکیہ کے صدر طیب اردوان سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان کی امن کوششوں پر ترکیہ کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
صدر طیب اردوان نے وزیراعظم کا ترکیہ میں پرتپاک خیرمقدم کیا اور فورم میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے مکمل حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر اردوان کی دعوت اور روایتی ترک مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم نے پاکستان کی امن کوششوں کی بھرپور حمایت اور حوصلہ افزائی پر صدر ایردوان کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے حالیہ علاقائی پیش رفت، بالخصوص مشرق وسطیٰ کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے ترک صدر کو جنگ بندی میں توسیع اور مذاکرات کی بحالی سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار اور دیرپا علاقائی امن کے لیے موجودہ موقع کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے۔ اس کے علاوہ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سال کے آخر میں انقرہ میں اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کا اجلاس بلانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں جاری اقدامات کے نفاذ کو تیز کرنے اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
ملاقات کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور برادرانہ تعلقات، امن اور خوشحالی کے مشترکہ وژن کو آگے بڑھایا جائے گا۔
بشکریہ: پی ٹی وی
