اسپین کا اسرائیل پر کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے پر پابندی کا مطالبہ
اسرائیل پر ایسی پابندی لگائے جائے جیسے روسی ٹیموں پر لگائی گئی ہے ، ہسپانوی وزیر کھیل
اسپین کی وزیر برائے کھیل، پلر ایلگریا نے عالمی کھیلوں کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی ٹیموں کے خلاف بھی وہی اقدامات کریں جو 2022 میں روس کے خلاف کیے گئے تھے، جب اس نے یوکرین پر حملہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی دنیا میں اس وقت واضح طور پر دوہرا معیار اپنایا جا رہا ہے، جس کی وضاحت ممکن نہیں۔ ان کے بقول، غزہ میں نہ صرف انسانی المیہ جاری ہے بلکہ صورتحال مسلسل بدتر ہو رہی ہے، ایسے میں کھیلوں کے عالمی اداروں کو غیرجانبدار مؤقف اختیار کرتے ہوئے وہی طرزِ عمل اپنانا چاہیے جو روس کے معاملے میں اپنایا گیا تھا۔
پلر ایلگریا نے یاد دلایا کہ روس پر عائد پابندیوں کے بعد اس کی کسی قومی ٹیم کو بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کی اجازت نہیں ملی تھی۔ حتیٰ کہ روسی قومی ترانہ اور پرچم کا استعمال بھی ممنوع قرار دیا گیا تھا۔ اگر کسی روسی کھلاڑی نے شرکت کی بھی، تو وہ صرف انفرادی حیثیت میں ممکن ہوا تھا۔
یہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب اسپین میں "وولٹا آ اِسپانہ” نامی بین الاقوامی سائیکلنگ مقابلے میں اسرائیلی ٹیم کی شرکت کے خلاف وسیع پیمانے پر مظاہرے دیکھنے میں آئے ہیں۔
