پانی کی کمی دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ، ماحولیاتی تبدیلی کے باعث پانی کی کمی سے خشک سالی بڑھ رہی ہے، وزیراعظم
2022میں پاکستان میں سیلاب نے تباہی مچائی، پاکستان سب سے زیادہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہوا ہے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کی مدد کی ضرورت ہے، شہبازشریف
ریاض: وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پانی کی کمی دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، پانی کے شعبے میں بہتری اور کمی کو پورا کرنے کے لیے اقدامات اور مشترکہ کاوشیں کرنی ہوں گی،2022میں پاکستان میں سیلاب نے تباہی مچائی، پاکستان سب سے زیادہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہوا ہے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کی مدد کی ضرورت ہے۔
ون واٹر سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2022میں پاکستان میں سیلاب نے تباہی مچائی، پاکستان سب سے زیادہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہوا ہے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کی مدد کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ پانی کی کمی دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ ہے،ماحولیاتی تبدیلی کے باعث پانی کی کمی سے خشک سالی بڑھ رہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پانی کے وسائل کو محفوظ رکھنے کے لیے اہم اقدامات کرنا ہوں گے، پانی کے شعبے میں بہتری کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے، پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ ون واٹر سمت کے انعقاد پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے شکر گزار ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف منگل کو ہی ون واٹر سمٹ میں شرکت کے لیے 2 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک ثقافت، معیشت، تجارت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون رکھتے ہیں، وزیر اعظم یہ دورہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر کر رہے ہیں، ان کا رواں برس کے دوران برادر اسلامی ملک کا 5واں دورہ ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ وزیرِاعظم شہبازشریف اپنے 2 روزہ دورہ سعودی عرب پر ریاض پہنچے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ ریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبد العزیز نے وزیرِ اعظم کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر استقبال کیا، اس موقع پر پاکستان کے سعودیہ میں سفیر احمد فاروق، پاکستانی و سعودی اعلی حکام بھی موجود تھے۔عطا تارڑ نے کہا تھا کہ وزیرِاعظم سعودی عرب، فرانس، قزاقستان اور عالمی بینک کے اشتراک سے منعقدہ ون واٹر سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے اور خطاب بھی کریں گے۔
قبل ازیں دورے کے حوالے سے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا وزیر اعظم شہباز شریف سعودی عرب میں ہونے والی ون واٹر سمٹ میں شرکت کریں گے، سعودی عرب، فرانس، قازقستان اور عالمی بینک کے اشتراک سے منعقد کی جانے والی اس سمٹ کا مقصد آبی وسائل کے انتظام کے لیے عالمی تعاون کو فروغ دینا اور اعلی سطح پر سیاسی وعدوں کے ذریعے مربوط بین الاقوامی نقطہ نظر کو فروغ دینا ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی طے ہے، اس ملاقات میں خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر غور کیا جائے گا، شہباز شریف اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گوتریس اور دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔