ملتان ٹیسٹ: پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں 47 رنز سے بدترین شکست
پوری ٹیم دوسری اننگز میں 220 رنزبناکرآوٹ ہوگئی، سلمان آغا 63 ، سعود شکیل 29 ، صائم ایوب 25 رنزبناکر آئوٹ ہوئے
ملتان: ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دے دی۔
ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 152 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ سے کیا تو سلمان علی آغا 41 اور عامر جمال 27 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 220 رنزبناکرآوٹ ہوگئی، سلمان آغا 63 ، سعود شکیل 29 ، صائم ایوب 25 رنزبناکر آئوٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ کپتان شان مسعود 11 ، محمد رضوان 10 اور بابراعظم 5 رنزبناکر آٹ ہوئے، اوپنر عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔
آل رائونڈر عامر جمال 55 رنزبناکر ناقابل شکست رہے جبکہ بخار میں مبتلا ابرار احمد بیٹنگ کے لیے نہیں آئے۔گزشتہ روز پاکستان نے دوسری اننگز میں انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور صرف 82 رنز پر 6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں شان مسعود، عبد اللہ شفیق اور سلمان علی آغا کی سنچریوں کی بدولت 556 رنز سکور کئے تھے جبکہ جواب میں انگلینڈ نے پہلی اننگز میں ہیری بروک کی ٹرپل سنچری اور جو روٹ کی ڈبل سنچری کی بدولت 823 رنز 7 کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلیئر کر دی تھی۔
واضح رہے کہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ منگل سے ملتان میں شروع ہوگا، انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
پاکستان اسکواڈ
قومی ٹیم میں کپتان شان مسعود، سعود شکیل، بابر اعظم، صائم ایوب اور عبداللہ شفیق شامل ہیں، محمد رضوان، سلمان علی آغا اور عامر جمال بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔
اس کے علاہ شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد بھی ٹیم میں شامل ہیں۔
انگلینڈ اسکواڈ
انگلش ٹیم میں اولی پاپ کپتان، زیک کرولی، بین ڈکٹ، جو روٹ اور ہیری بروک شامل ہیں جبکہ جیمی سمتھ، کرس ووکس، گس ایٹکنسن، جیک لیچ، شعیب بشیر اور برائیڈن کارس بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔