کراچی دھماکہ ، چین کا دھماکے میں اپنے شہریوں کی ہلاکت پر ہنگامی بنیادوں پر تحقیقات کا مطالبہٓ
دونوں ممالک کے بے گناہ متاثرین سے اظہارِ تعزیت اور زخمیوں اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں
مشکل وقت میں ہم پاکستان کے ساتھ مل کر اس کے نتائج سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں،چینی سفارت خانہ
کراچی : چین نے کراچی دھماکے کی شدیدمذمت کی ہے اور ملوث افراد کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
کراچی کے بین الاقوامی جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے قریب چینی عملے کو لے جانے والے قافلے پر دہشت گرد حملے میں 2 چینی انجینئرز ہلاک ہو گئے جس کے بعد بیجنگ نے باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا۔
چینی سفارت خانے نے جاری بیان میں اس حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی (پرائیویٹ)لمیٹڈ کے چینی عملے کو لے جانے والے ایک قافلے پر 6 اکتوبر کی رات تقریبا 11 بجے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے قریب حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 2 چینی باشندے ہلاک، ایک زخمی اور کچھ مقامی شہری متاثر ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان میں چینی سفارت خانہ اور قونصلیٹ جنرل اس دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، دونوں ممالک کے بے گناہ متاثرین سے اظہارِ تعزیت اور زخمیوں اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
چینی سفارت خانے نے بیان میں کہا کہ اس مشکل وقت میں ہم پاکستان کے ساتھ مل کر اس کے نتائج سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔بیان میں چینی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ پاکستان میں چینی سفارت خانے اور قونصلیٹ جنرل نے فوری طور پر ایک ہنگامی منصوبہ شروع کیا ہے جس میں پاکستان سے حملے کی مکمل تحقیقات کرنے، قصور واروں کو سخت سزا دینے اور پاکستان میں چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کی حفاظت کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی درخواست کی گئی ۔
جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان میں چینی سفارت خانہ اور قونصل خانہ پاکستان میں چینی شہریوں، کاروباری اداروں اور پراجیکٹس کو الرٹ رہنے، سکیورٹی کی صورتِ حال پر گہری توجہ دینے، حفاظتی اقدامات کو مضبوط بنانے اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ مقامی پولیس کے مطابق گزشتہ شب کراچی ایئر پورٹ سگنل کے قریب زور دار دھماکے میں 2 چینی باشندوں اور ایک مقامی شخص سمیت 3 افراد ہلاک اور 10 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں،دھماکے کے زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، دہشت گردی کا نشانہ بننے والی گاڑی میں غیر ملکی سوار تھے۔