Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

سیکیورٹی فورسز کی کے پی کےاور بلوچستان میں کارروائیاں، 11 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز کی کے پی کےاور بلوچستان میں کارروائیاں، 11 دہشت گرد ہلاک

جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گرد مارے گئے، ماشکیل اور گورندر میں فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد انجام کو پہنچے، اسلحہ و گولہ بارود برآمد

اسلام آباد: (نیوز پلس) خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے وابستہ 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ اور بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق کارروائی دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کی گئی اور فورسز نے انتہائی مؤثر انداز میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کردیئے گئے، جبکہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں، تخریب کاری اور دہشت گردی کی مختلف سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے اور حالیہ کارروائیوں میں دہشت گرد گروہ کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے واضح کیا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

دوسری جانب بلوچستان میں بھی سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقے گورندر اور ماشکیل میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔

ذرائع کے مطابق ماشکیل میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی اور بعد ازاں موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا تعاقب کیا اور فرار کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ علاقے میں ممکنہ دیگر دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر سرچ اور کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیوں کا مقصد دہشت گرد نیٹ ورکس، ان کے سہولت کاروں اور تخریبی سرگرمیوں کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنا ہے۔ فورسز کی جانب سے حساس علاقوں میں نگرانی اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔

دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں خوارج اور دہشت گرد عناصر کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر پوری قوم کو ناز ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے ذریعے ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کی حمایت اور سیکیورٹی فورسز کی مسلسل کارروائیوں سے دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے نیٹ ورک، ان کے ٹھکانوں اور سہولت کاری کے نظام کے خلاف انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کررہی ہیں۔ حکام کے مطابق ملک میں امن و استحکام کے قیام تک دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

Security Question:10 − 7 = ?

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More