سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دیسی بم دھماکے میں 2 سپاہی شہید
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کےقافلے پر دیسی ساختہ بم دھماکہ میں 2 سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قافلے پر بم دھماکہ شمالی وزیرستان ضلع کے علاقے رزمک میں ہوا، دھماکے کے نتیجے میں دو سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دھماکے میں شہید ہونے والے 33 سال کے لانس نائیک احسان بادشاہ کا تعلق ضلع کرک سے تھا ، جبکہ ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے لانس نائیک ساجد حسین کی عمر 30 سال تھی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے آپریشن جاری ہے ، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پر عزم ہیں اور ہمارے بہادر سپایہوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔