پاکستان اے نے ایمرجنگ ایشیا کپ کا ٹائٹل جیت لیا
پاکستان اے نے ایمرجنگ ایشیا کپ کا ٹائٹل جیت لیا ، گرین شرٹس نے فیصلہ کن معرکے میں روایتی حریف بھارت اے کو 128 رنز سے شکست دے دی ، پاکستان اے نے طیب طاہر کی شاندار سنچری کی بدولت 8 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا ، طیب طاہر نے 108 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ، صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے نصف سنچریاں بنائیں ، بھارت اے پہاڑ جیسا ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 40 اوورز میں 224 رنز پر ڈھیر ہو گئی ، سفیان مقیم نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، طیب طاہر کو مرد میدان قرار دیا گیا ،
اتوار کو آر پریماداسا سٹیڈیم ، کولمبو میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے فائنل میں بھارت اے ٹیم کے کپتان یش دھول نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا ، پاکستانی اوپنرز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے ابتدائی اوورز میں دائرے کے اندر فیلڈ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے 17.2 اوورز میں 121 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا ، صاحبزادہ فرحان 62 گیندوں پر 4 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 65 جبکہ صائم ایوب 51 گیندوں دو چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے ، 183 کے مجموعی اسکور پر بھارت کے سپنر ریان پراگ نے یکے بعد دیگرے دو کھلاڑی آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے ،
عمیر یوسف 35 اور قاسم اکرم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ، اگلے اوور میں پاکستان کی ایک اور اہم وکٹ گر گئی جب کپتان محمد حارث 2 رنز بنانے کے بعد نشانت سندھو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے ، یہاں ایسا لگ رہا تھا پاکستان کی پوری ٹیم جلد آؤٹ ہو جائے گی مگر طیب طاہر بھارتی باؤلرز کی راہ میں حائل ہوگئے اور انہوں نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں طرف خوبصورت سٹروک کھیلے ،
انہوں نے مبصر خان کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 126 رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے پاکستان کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا ، وہ 71 گیندوں پر 4 فلک شگاف چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 108 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، مبصر خان نے 35 رنز کی اننگز کھیلی ، آخری اوورز میں محمد وسیم نے 10 گیندوں پر ناقابل شکست 17 رنز کی اننگز کھیلی، اس طرح پاکستان اے نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے ، بھارت کی طرف سے ریان پراگ اور راج وردھن ہنگارگیکر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں ،
بھارت اے ٹیم بڑا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 40 اوورز میں 224 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، ابھیشیک شرما 65 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ، سائی سدھرسن 29 ، نکین جوز 11، یش دھول 39، نشانت سندھو 10 ، دھرو جریل 9، ریان پراگ 14، ہرشیتھ رانا 13، راج وردھن ہنگارگیکر 11 اور یوراج سنگھ ڈوڈیا 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، پاکستان اے کی طرف سے سفیان مقیم نے تین جبکہ مہران ممتاز ، ارشد اقبال اور محمد وسیم نے دو ، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔
بشکریہ : اے پی پی