بیرونی مداخلت اور بیانات پاکستان کا جمہوری عمل متاثر نہیں کر سکتے ۔ ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ بیرون ممالک سے کوئی مداخلت اور بیانات پاکستان کے جمہوری عمل کو متاثر نہیں کر سکتے ، پاکستان ایک جمہوری اور پر اعتماد ملک ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں زلمے خلیل زاد کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان ایک جمہوری اور پر اعتماد ملک ہے اور کسی کے بیانات پاکستانی عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے ۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ بیرون ممالک سے کوئی مداخلت اور بیانات پاکستان کے جمہوری عمل کو متاثر نہیں کر سکتے سمجھ نہیں آتا کہ کیوں حکومت پاکستان ایک فرد کے انفرادی بیانات کا جواب دے؟
ترجمان دفتر خارجہ نے سیکرٹری خارجہ کے دورہ چین سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسد مجید خان نے چین کا اہم دورہ کیا ،سیکرٹری خارجہ نے چینی نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کی ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے سی پیک سمیت تمام شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان اور چین قریبی و آزمودہ دوست ممالک ہیں ۔کرونا کے بعد پاک چین تعلقات میں تیزی آئی ہے سیکیورٹی کے حوالے سے وفود کا تبادلہ ایک حساس معاملہ ہے ،شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں وزیر خارجہ کی شرکت پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ،ای سی او انتظامیہ کو بھارت کی جانب سے پرچم کے معاملے پر تحفظات سے آگاہ کیا ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ ہم افغان حکام سے رابطے میں ہیں انفغان حکام کو افغانستان میں موجود دہشتگرد عناصر پر تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے. پاکستان نے افغان انتظامیہ سے دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائی کا کہہ دیا ہے تاکہ ایسے عناصر مستقبل میں پاکستان اور پاکستانی عوام کے لیے خطرہ نہ بنیں۔ترجمان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کرے. پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز بلند کرتا رہے گا۔
ممتاز زہرا بلوچ نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف اور روس سے تیل خریدنے کے معاملے کو وزارت خزانہ اور وزارت پٹرولیم دیکھ رہے ہیں ،سعودی عرب میں تعنیات سفیر ایک پیشہ ور سفیر ہیں ۔
ترجمان نے بتایا کہ وزارت خارجہ کے اندر تبادلے معمول کی بات ہیں اور فل الحال کسی کے تبادلے کی خبر نہیں جب ہو گی تو شیئر کی جائے گی۔