اسلام آباد(نیوز پلس)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ ایک مرتبہ پھر قیادت کے ملک سے باہر بھاگ جانے پر رانا ثنا اللہ ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں،رانا صاحب فرماتے ہیں کہ میاں صاحب اگر ہسپتال سے گھر جاسکتے ہیں تو ریستوران بھی جاسکتے ہیں،ان کا مطلب ہے کہ میاں صاحب تندرست ہیں اور ریستورانٹ سے سیدھا جیل بھی جا سکتے ہیں۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ رانا صاحب پہلے اندرونی لڑائی میں مبتلا اپنی قیادت کے مابین پارٹی میں مڈ ٹرم انتخابات کرائیں،آپ کی سیاسی ساکھ ختم اور قیادت سر پر پاؤں رکھ کر باہر بھاگ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ جس مقدمے میں آپ کو ضمانت ملی ہے،اس کا ٹرائل ابھی باقی ہے، اس پر توجہ دیں،آپ حکومت کے بجائے اپنی قیادت پر برسیں جس نے اپنے کارکنوں کو پھر دھوکہ دیا اور ان کے اعتماد کا خون کیا ہے۔